وزیراعلیٰ کے پی کا افغان قونصلر معاملے پر ردعمل سامنے آگیا

ویب ڈیسک  بدھ 18 ستمبر 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے افغان قونصلر جنرل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترانے میں افغان قونصلر جنرل میوزک کی وجہ سے کھڑے نہیں ہوئے۔

پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ افغان حکومت نے اپنے ترانے سے بھی موسیقی کو ختم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں چیک پوسٹیں ختم کرکے جرگہ سسٹم بحال کر رہے ہیں، چیک پوسٹوں سے عوام کو تکلیف ہے لہٰذا جن چیک پوسٹوں کی ضرورت نہیں انھیں ختم کریں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عوام کو اختیار دے رہے ہیں کیونکہ عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے ہمیں اختیار دیا ہے، تمام اضلاع میں بھرتیاں مقامی ڈومیسائل پر ہوں گے۔ حقیقی جمہوریت بھی یہی ہے عوام اور حکومت میں رابطہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ گورنر صرف بیانات دینے کے لیے بیٹھا ہے، ہم نے خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پابندی لگائی ہے ایسا نہ ہو گورنر ہاؤس میں بھی داخلہ بند ہو جائے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی سے ایک قرارداد پاس کریں گے اور گورنر ہاوس لے لیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے آرام سکون والے کمرے ہیں لہٰذا آرام سے بیٹھیں، ایک ٹک ٹاکر لاہور میں بٹھایا ہوا ہے اور ایک یہاں پر ٹک ٹاکر لایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ زرداری کے کہنے پر بغیر ثبوت کے بیانات دیتے ہیں، ہم نے گورنر کو ہرجانے کا نوٹس بھیجا ہے اب جواب دینا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔