وکیل کے گھر چھاپا؛ سی سی پی او، ایس ایچ او اور دیگر کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

ویب ڈیسک  بدھ 18 ستمبر 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 پشاور: وکیل کے گھر چھاپے کے خلاف درخواست پر عدالت نے سی سی پی او، ایس ایچ او اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر خان نے وکیل کے گھر پر غیر قانونی چھاپے کے خلاف دائر 22 اے کی درخواست کی سماعت کی، جس میں عدالت نے ایس ایچ او تھانہ شاہ پور اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ سی سی پی او متعلقہ فریقین کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ایس ایچ او نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ وکیل سید مختار علی شاہ کے گھر پر غیر قانونی چھاپا مارا۔ یہ کارروائی 29 جولائی کو بغیر لیڈی کانسٹیبل کے کی گئی۔ بغیر کسی ورانٹ یا قانونی جواز کے پولیس نے گھر پر چھاپا مارا۔

وکیل نے بتایا کہ ایس ایچ او اور دیگر گھر سے 3 لاکھ روپے اور زیورات بھی لے گئے۔ پولیس نے درخواست گزار اور اس کے بیٹے پر تشدد بھی کیا۔ پولیس نے اپنی کارروائی کو قانونی بنانے کے لیے چھاپے کے بعد ایک جعلی مقدمہ بھی درج کردیا۔ فریقین نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے۔ ایس ایچ او شاہ پور سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایس ایچ او اور دیگر فریقین نے پولیس ایکٹ کی خلاف ورزی کی۔ سی سی پی او، ایس ایچ او اور دیگر فریقین پر مقدمہ درج کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔