منصور شاہ سینئر ترین جج ہیں ان کے سوا کوئی اور چیف جسٹس قبول نہیں حامد خان

کسی اور کورٹ کو کسی صورت منظور نہیں کرنا ہم صرف سپریم کورٹ کو مانتے ہیں، سینئر وکیل پی ٹی آئی


ویب ڈیسک September 18, 2024
فوٹو فائل

تحریک انصاف کے سینئر وکیل حامد خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا جو سینئر ترین جج ہوگا وہی چیف جسٹس بنے گا، صرف منصور علی شاہ ہی چیف جسٹس بنیں گے ان کے سوا کوئی قبول نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف منصور علی شاہ ہی چیف جسٹس بنیں گے ان کے سوا کوئی قبول نہیں، کل اہم نیشنل کنونشن کریں گے جس کا مقصد اس آئینی ترمیم کو مسترد کرنا ہے، ابھی نہ وقت ہے اور ہی حالات کہ ایسی آئینی ترمیم کی جائے، ہم وکیل اس عدالتی نظام کے اسٹیک ہولڈر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی اور کورٹ کو کسی صورت منظور نہیں کرنا ہم صرف سپریم کورٹ کو مانتے ہیں یہ لوگ ایک ایسی کورٹ لانا چاہتے ہیں جس میں یہ اپنے ٹاؤٹ لائیں گے اور اپنی مرضی کے فیصلے کروائیں گے، اس اقدام سے سپریم کورٹ کی آئینی حیثیت میں کمی آجائے گی جب کہ ہم ان عدالتوں کو مزید طاقتور کرنا چاہتے ہیں۔

حامد خان نے کہا کہ کوئی پانچ کا پینل نہیں بنے گا، سپریم کورٹ کے جو سینئر ترین جج ہوگا وہی چیف جسٹس بنے گا، ہم اداروں کا مذاق اڑانے نہیں دیں گے، سپریم کورٹ کا ہی کام مفاد عامہ کے کیسز کو سننا ہے، سپریم کورٹ کو اپنے کیس مینجمنٹ بہتر بنانے کی ضرورت ہے ناکہ نئی کورٹ بنا دی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں