منصور شاہ سینئر ترین جج ہیں ان کے سوا کوئی اور چیف جسٹس قبول نہیں، حامد خان

ویب ڈیسک  بدھ 18 ستمبر 2024
فوٹو فائل

فوٹو فائل

  اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینئر وکیل حامد خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا جو سینئر ترین جج ہوگا وہی چیف جسٹس بنے گا، صرف منصور علی شاہ ہی چیف جسٹس بنیں گے ان کے سوا کوئی قبول نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف منصور علی شاہ ہی چیف جسٹس بنیں گے ان کے سوا کوئی قبول نہیں، کل اہم نیشنل کنونشن کریں گے جس کا مقصد اس آئینی ترمیم کو مسترد کرنا ہے، ابھی نہ وقت ہے اور ہی حالات کہ ایسی آئینی ترمیم کی جائے، ہم وکیل اس عدالتی نظام کے اسٹیک ہولڈر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی اور کورٹ کو کسی صورت منظور نہیں کرنا ہم صرف سپریم کورٹ کو مانتے ہیں یہ لوگ ایک ایسی کورٹ لانا چاہتے ہیں جس میں یہ اپنے ٹاؤٹ لائیں گے اور اپنی مرضی کے فیصلے کروائیں گے، اس اقدام سے سپریم کورٹ کی آئینی حیثیت میں کمی آجائے گی جب کہ ہم ان عدالتوں کو مزید طاقتور کرنا چاہتے ہیں۔

حامد خان نے کہا کہ کوئی پانچ کا پینل نہیں بنے گا، سپریم کورٹ کے جو سینئر ترین جج ہوگا وہی چیف جسٹس بنے گا، ہم اداروں کا مذاق اڑانے نہیں دیں گے، سپریم کورٹ کا ہی کام مفاد عامہ کے کیسز کو سننا ہے، سپریم کورٹ کو اپنے کیس مینجمنٹ بہتر بنانے کی ضرورت ہے ناکہ نئی کورٹ بنا دی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔