یوٹیوب کی تازہ ترین تبدیلی پر صارفین سیخ پا

ویب ڈیسک  جمعرات 19 ستمبر 2024

کیلیفورنیا: ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر کی جانے والی ایک اور تبدیلی کے بعد صارفین شدید غصے میں مبتلا ہیں۔

پلیٹ فارم کی مالک کمپنی گوگل نے ویڈیو کو روکے جانے (یعنی پاز کیے جانے پر) پر اشتہارات دکھانا شروع کر دیے ہیں۔ اشتہارات کا یہ نیا فارمیٹ صرف ٹی وی پر پیش کیا گیا ہے لیکن صارفین کو سیخ پا کرنے کے لیے یہ کافی ہے۔

اس تازہ ترین تبدیلی سے قبل یوٹیوب کی جانب سے ایڈ بلاکرز ڈاؤن لوڈ کرنے والے صارفین کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا تھا۔

ویڈیو کو جب روکا یعنی پاز کیا جائے گا تو اس کے منی مائز ہونے کے بعد اسکرین کی دائیں جانب کے حصے یعنی ’ایڈ کارنر‘ میں اشتہار دکھیں گے۔ پروموشنل گرافکس کے ساتھ انفارمیشن اور ایک ڈس مس بٹن ظاہر ہوگا۔

وہ صارفین جو ویڈیو کے دوران اشتہارات سے تنگ نہیں ہونا چاہتے وہ 14 ڈالر سے شروع ہونے والی یوٹیوب پریمیم سروس خرید سکتے ہیں۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف کا کہنا تھا کہ وہ ایک کمپیوٹر لانے والے ہیں تاکہ وہ ایک ایڈ بلاکر حاصل کر سکیں۔ پلیٹ فارم کے اشتہارت مضحکہ خیز ہوتے جا رہے ہیں۔

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ بہتر ہونے کے بجائے مزید بدتر ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔