مخصوص نشستوں کا معاملہ، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 19 ستمبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 لاہور:  اسپیکر قومی اسمبلی کے بعد مخصوص نشستوں کے معاملے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔ 

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی جانب  سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ اور پارلیمانی بالادستی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ جمہوری عمل پارلیمنٹ کی خود مختاری اور ہمارے جمہوری نظام کی بنیاد ہے، ضروری ہے کہ اس اصول کو تمام فیصلوں اور اقدامات پر برقرار رکھا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: مخصوص نشستیں: الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں ہوسکتا، اسپیکر

ملک احمد خان نے مزید لکھا ہے کہ پارلیمنٹ کی خودمختاری کو مجروح کرنا جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اپنے خط میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ فیصلے کے بعد پارلیمنٹ نے الیکشن ایکٹ دوسرا ترمیمی بل منظور کر لیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ قانون سازی پارٹی وابستگی کے تقدس کی بحالی کو برقرار رکھنے کا عکاس ہے، قانون سازی کے تحت آزاد اراکین کی کسی سیاسی جماعت سے وفاداری دوبارہ تبدیل نہیں ہو سکتی۔

نئی قانون سازی کے بعد سپریم کورٹ فیصلے پر عمل درآمد قانونی طور پر قابل عمل نہیں رہا، ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ اس وقت نافذالعمل ہے، پارلیمنٹ کے واضح کردہ قوانین کی وضح کردہ قوانین کی پابندی کرنا آئینی ادارے کا قانونی فرض ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے  اپنے مکتوب میں مزید کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آزاد اراکین سیاسی وابستگیوں کے معانملے پر الیکشن ایکٹ پر عملدرآمد کا پابند ہے،  الیکشن ایکٹ کی دفعات کو بغیر کسی تاخیرکے لاگو کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔