اسرائیل کے جنگی طیاروں کا جنوبی لبنان پر حملہ

ویب ڈیسک  جمعـء 20 ستمبر 2024
(فوٹو: انٹرنیٹ)

(فوٹو: انٹرنیٹ)

بیروت: اسرائیلی کے جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان میں بڑا حملہ کر دیا ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے دو گھنٹے کے دوران جنوبی لبنان میں سیکڑوں راکٹ لانچر بیرل کو نشانہ بنایا جنہیں فوری طور پر اسرائیل کی جانب فائر کیا جانا تھا۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ سفارتی حل قابل حصول اور فوری ہے اور برطانیہ نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین جین پیئر نے ایک بریفنگ میں کہا کہ امریکہ ممکنہ کشیدگی کے بارے میں خوفزدہ اور فکرمند ہے۔

اس ہفتے کے اوائل میں لبنان اور حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل سے منسوب کیے جانے والے حملوں کے بعد شدید حملے کیے گئے تھے جن میں لبنان میں حزب اللہ کے ریڈیو اور پیجرز کو دھماکے سے اڑا دیا گیا تھا، جس میں 37 افراد ہلاک اور تقریبا 3،000 زخمی ہوئے تھے۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی  کے مطابق جنوبی لبنان میں 52 سے زائد حملے کیے گئے۔ لبنان کے تین سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں لڑائی شروع ہونے کے بعد سے یہ سب سے بھاری فضائی حملے ہیں۔

فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔