ایپل نے آئی فون 16 کی فروخت شروع کر دی

ویب ڈیسک  جمعـء 20 ستمبر 2024

کیلیفورنیا: ایپل نے صارفین کے لیے اپنی فلیگ شپ ڈیوائس آئی فون 16 فروخت کے لیے پیش کر دی۔

جمعے کے روز دنیا بھر کے ایپل اسٹورز پر شروع ہونے والی فروخت میں آئی فون 16 کے ساتھ، ایپل واچ سیریز 10 اور ایئر پوڈز 4 بھی شامل ہیں۔

ٹیک کمپنی کی جانب سے رواں ماہ کے شروع میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں یہ ڈیوائسز متعارف کرائی گئیں تھیں اور 13 ستمبر سے پری آرڈر کے لیے دستیاب ہیں۔

کمپنی نے سِری کو جدید کیے جانے کے حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے نیویارک شہر میں قائم ففتھ ایوینیو ایپل اسٹور میں گلاس کیوب کو روشن کیا، جس کا مطلب ہے کہ آئندہ ماہ جب یہ فیچر جاری کیا جائے گا تو نئے آئی فون کی اسکرین کے بارڈر روشن ہوجائیں گے۔

ایپل کا نیا آئی فون کمپنی کا آرٹیفیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) میں تازہ ترین قدم ہے، جس کے ساتھ نئے انٹیلی جنس فیچر آئندہ ماہ اکتوبر میں جاری ہونا شروع ہوں گے۔

یہ نئے فیچرز صارفین کو تحریر دوبارہ لکھنے، تصاویر سے اشیاء کو ہٹانے اور جدید سِری کے ساتھ بات کرنے کی سہولت فراہم کریں گے۔

سافٹ ویئر کی یہ جدت صرف آئی فون 16 اور گزشتہ برس کے اائی فون 15 پرو ڈیوائسز میں دستیاب ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔