کراچی میں دکاندار نے حاضر دماغی سے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 21 ستمبر 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

  کراچی: ڈیفنس توحید کمرشل میں موبائل فون شاپ کے دکاندار کی حاضر دماغی نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی واقعہ کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

یرغمال بنے دکاندار نے موقع پاتے ہی ڈکیت کو دبوچ لیا جس پر دیگر افراد ڈاکو پر ٹوٹ پڑے واقعہ کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا کہ ماسک لگائے پینٹ شرٹ پہنے ہوئے ایک ڈاکو پلاسٹک کا شاپنگ بیگ لے کر آتا ہے جس میں سے وہ اسلحہ نکال کر کاؤنٹر پر کھڑے شخص کو ایک جانب بیٹھا دیتا ہے جس کے بعد وہ دکان میں موجود افراد کو اسلحے کے زور پر کیش کاؤنٹر کی دراز میں موجود نقدی نکال کر دینے کا بولتا ہے۔

اس دوران ڈاکو نے ایک دکاندار کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور مغلظات بکیں، ڈکیت کو اس بات کا شک ہوا کہ دراز سے دی جانے والی رقم کم ہے جس پر وہ دکان کے اندر آجاتا ہے۔دوبارہ سے اسی دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنا کر اسے گولی مارنے کی دھمکی دیتا ہے جبکہ دوسرا دکاندار دوسری دراز سے نقدی نکالتا ہوا دکھائی دیا۔

اس دوران ڈکیت نے جیسے ہی اپنا اسلحہ پینٹ میں چھپایا تشدد کا نشانہ بننے والے دکاندار نے موقع پاتے ہی ڈکیت کو دبوچ لیا جس پر دیگر افراد بھی ڈاکو پر ٹوٹ پڑتے ہیں اور اس دوران ڈاکو کی وگ بھی گر جاتی ہے اور آس پاس سے بھی دیگر لوگ جمع ہو کر اسے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دکھائی دیئے۔

ایس ایچ او کلفٹن اعظم راجپڑ نے بتایا کہ واقعہ جمعے کی صبح پیش آیا تھا جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے ڈکیت جس کی شناخت رفاقت علی کے نام سے کی گئی اسے گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار ڈکیت اکیلا ہی وارداتیں کرتا تھا جو کہ عادی جرائم پیشہ ہے اور وہ اس سے قبل بھی شہر کے مختلف تھانوں میں متعدد بار گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا ہے تاہم پولیس گرفتار ڈکیت سے مزید تفتش کر رہی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔