کچرے کے ڈھیر میں ہونے والے دھماکے میں ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہیں ہو سکا۔
پولیس کے مطابق پشاور میں خزانہ کے علاقے میں کچرے کے ڈھیر میں دھماکا ہوا ہے، جس کی اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے کے اہل کار جائے وقوع پر پہنچے۔
دھماکے کے نتیجے میں کچرا چننے والا ایک 10 سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق شوگر مل کے قریب نامعلوم چیز پھٹنے کی اطلاع پر ایمبولینس اور طبی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی۔ دھماکا کچرے کے ڈھیر میں ہوا، جس میں زخمی ہونے والے بچے کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں بتایا کہ خزانہ کے علاقے میں کچرے کے ڈھیر میں پرانا دستی بم پھٹنے سے دھماکا ہوا، جس میں کباڑ اکٹھا کرنے والا بچہ شدید زخمی ہوکر جاں بحق ہوگیا۔