گداگری اور جعلی دستاویزات پر سفر کرنے میں ملوث 8 مسافر گرفتار

ویب ڈیسک  منگل 1 اکتوبر 2024
فوٹو : ایفف آئی اے

فوٹو : ایفف آئی اے

  کراچی: ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے 2 مختلف کارروائیوں کے دوران گداگری اور جعلی دستاویزات پر سفر کرنے میں ملوث 8 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق پہلی کارروائی میں عمرہ کی آڑ میں سعودی عرب سفر کرنے والے 5 مسافروں کو گرفتار کیا گیا جن کی شناخت نوری انور، آسیہ بی بی، ثمینہ بی بی، سکینہ بی بی اور محمد اکرم کے نام سے ہوئی۔

مسافروں نے پاکستانی پاسپورٹ پر فلائٹ نمبر QR 611 اور XY 638 کے ذریعے سعودی عرب سفر کرنے کی کوشش کی۔ امیگریشن کلیرئنس کے دوران مسافروں کو مشکوک پایا گیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان بھیک مانگنے کی غرض سے سعودی عرب جا رہے تھے، ملزمان ہوٹل بکنگ کے حوالے سے کسی قسم کی دستاویزات دینے میں ناکام رہے جبکہ سفری اخراجات کے حوالے سے بھی حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔

ملزمان کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری کارروائی میں جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے 3 مسافروں کو گرفتار کیا گیا جن کی شناخت سلمان، محمد نعمان اور محمد حسین کے نام سے ہوئی۔

ملزمان اسٹڈی ویزے پر آذربائیجان جا رہے تھے لیکن امیگریشن کلیرئنس کے دوران مسافروں کے دستاویزات مشکوک پائی گئیں۔ محمد حسین نامی مسافر کے موبائل فون سے جرمنی کا جعلی ویزا بھی برآمد کر لیا گیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے عاصم نامی ایجنٹ سے دستاویزات بنوانے کے لیے ڈیل کی، عاصم نامی ایجنٹ نے گرفتار ملزمان کے لیے آذربائیجان کے اسٹڈی ویزوں کا بندوبست کیا۔

ملزمان کو آذربائیجان پہنچنے پر جرمنی کے ویزے ملنے تھے، اس مقصد کے لیے عاصم نامی ایجنٹ کو سلمان اور نعمان نے 3 لاکھ فی کس جبکہ محمد حسین نے 8 لاکھ روپے ادا کیے۔

محمد حسین سٹی پولیس پشاور کا ملازم ہے تاہم اس نے پرائیویٹ پاسپورٹ پر سفر کرنے کی کوشش کی جبکہ محمد حسین نامی ملزم بغیر این او سی کے سفر کر رہا تھا۔

ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔