’آپ کی خدمت میں نصراللہ‘؛ موساد کے ہیڈ کوارٹر اور ملٹری بیس پر حزب اللہ کا حملہ

ویب ڈیسک  منگل 1 اکتوبر 2024
حزب اللہ کے راکٹس اسرائیل کے دفاعی نظام کو چکمہ دیکر موساد کے ہیڈ کوارٹر پر گرے، فوٹو: فائل

حزب اللہ کے راکٹس اسرائیل کے دفاعی نظام کو چکمہ دیکر موساد کے ہیڈ کوارٹر پر گرے، فوٹو: فائل

بیروت: حزب اللہ نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے قریب گلیلوٹ کے اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس بیس اور مضافات میں واقع موساد کے ہیڈکوارٹر پر متعدد راکٹس داغے۔

عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ اس کے فادی راکٹوں نے کامیابی سے اسرائیلی فوجی اڈے اور موساد ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا۔ اس آپریشن کا نام ’’آپ کی خدمت حسن نصر اللہ‘‘ ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ حزب اللہ کے ان حملوں میں اسرائیلی فوج کا کتنا جانی اور مالی نقصان ہوا تاہم حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس کے میزائل اسرائیلی دفاعی نظام کو چکمہ دیکر فوجی اڈے پر گرے جس میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔

دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے اس دعوے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : حزب اللہ کا اسرائیل میں موساد کے ہیڈ کوارٹر پر میزائل حملہ

یاد رہے کہ حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصر اللہ نے اگست کے آخر میں اسرائیلی انٹیلی جنس فوجی اڈے گلیلوٹ اور موساد کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

تاہم اسرائیلی فوج نے اُس وقت کہا تھا کہ حزب اللہ کے ملٹری انٹیلی جنس فوجی اڈے کی تنصیبات پر حملے میں ناکام رہے تھے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔