گوگل سرچ پر گھنٹوں صرف کرنے والا نوکری سے فارغ

بے روزگار ہونے کی بھڑاس نکالنے کیلئے بنائی گئی ٹک ٹاک ویڈیو وائرل ہونے کی وجہ سے دوسری نوکریوں کی راہ میں رکاوٹ بن گئی


ویب ڈیسک October 03, 2024

برطانیہ میں ایک شخص کو گوگل پر گھنٹوں عجیب و غریب موضوعات سرچ کرنے پر نوکری سے فارغ کر دیا گیا۔

جوش ولیم نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ نوکری جانے کے بعد سوشل میڈیا پر بھڑاس نکالنے کا عجلت میں لیا گیا فیصلہ کس طرح ان کے اور دیگر نوکریوں کے درمیان حائل ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اتنا کام نہیں ہوتا تھا اس لیے وہ گوگل پر بے وقوفانہ چیزیں سرچ کرنے لگ جاتے تھے۔ یہ بات کافی شرمناک ہے کہ انہوں نے اپنی تمام جمع پونجی ترکیہ میں اپنے دانتوں کا کام کرنے میں صرف اس لیے خرچ کر ڈالی کہ جب وہ واپس آئیں تو بے روز گار ہوں۔

ترکیہ میں دانتوں کے کام جیسی سرچز پر 50 سے زیادہ گھنٹے ضائع کرنے کے اعتراف اور بیماری کے سبب لی گئی متعدد چھٹیوں کی وجہ سے ان کو جولائی میں نوکری سے ہاتھ دھونا پڑا۔

نوکری سے فارغ ہونے کے بعد جوش نے اپنی بھڑاس ٹِک ٹاک کی ایک ویڈیو میں نکالی جو وائرل ہوگئی اور یہی وہ قدم ہے جس پر اب جوش نادم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ویڈیو کو اپ لوڈ کرنے پر پچھتا رہے ہیں۔ جب بھی وہ کسی دوسری جگہ نوکری کے لیے جاتے ہیں انٹرویو لینے والے ان کو پہچان لیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کی اقدار کمپنی سے مطابقت نہیں رکھتیں۔

انہوں نے بتایا کہ نوکری جانے کے بعد ان کی ٹِک ٹاک ویڈیوز نے 450 پاؤنڈز کما کر دیے جس سے ان کو گھر کا کرایہ دینے میں مدد ملی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں