توشہ خانہ ٹو ریفرنس میں فرد جرم عائد نہ ہوسکی

 بدھ 2 اکتوبر 2024
فوٹو فائل

فوٹو فائل

احتساب عدالت نے توشہ خانہ ٹوکیس میں بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی پر فرد جرم مؤخر کرتے ہوئے سماعت پانچ اکتوبر تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اسپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو عدالت پیش کیا گیا جبکہ اُن کی پیروی کیلیے وکیل انتظار پنجوتھہ پیش ہوئے۔

انہوں عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے وکیل کا تقرر نہیں ہوسکا وقت دیا جائے تاکہ وکیل کرکے عدالت میں وکالت نامہ جمع کرایا جاسکے، مقدمہ کی سماعت آئندہ منگل کے بعد تک ملتوی کی جائے، تاکہ ملزمان اپنی پیروی کے لیے اچھے وکیل کا تقرر کر سکیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے ذالفقار عباس نقوی ایڈوکیٹ اور عمیر مجید لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، ملزمان کے وکیل کی جانب سے سماعت اگلے منگل تک ملتوی کرنے پر پراسیکیوشن کا اعتراض سامنے آیا۔ پراسیکویشن وکلاء نے موقف اپنایا کہ عدالت ملزمان کو اپنے وکیل مقرر کرنے کے لیے اتنی لمبی تاریخ نہ دے، کل ملزمان سے ملاقات کا دن ہے کل ہی ملزمان اپنے وکلا کے ساتھ بیٹھ کر وکیل کا تقرر کر لیں۔

عدالت نے دلائل کے بعد کیس کی سماعت پانچ اکتوبر تک ملتوی کردی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔