ویمنز ورلڈکپ: پہلی بار آئی سی سی ٹورنامنٹ میں اسمارٹ ری پلے سسٹم استعمال ہوگا

ویب ڈیسک  بدھ 2 اکتوبر 2024
فوٹو: بی سی سی آئی

فوٹو: بی سی سی آئی

 دبئی: ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلی بار کسی آئی سی سی ٹورنامنٹ میں اسمارٹ ری پلے سسٹم کا استعمال کیا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کا آغاز متحدہ عرب امارات میں کل سے ہوگا، ویمنز ورلڈ کپ اسمارٹ ری پلے سسٹم کے ساتھ ہونے والا پہلا آئی سی سی ایونٹ ہوگا، یہ ٹیکنالوجی اس سے قبل لیگ ٹورنامنٹ ہنڈریڈ اور آئی پی ایل 2024 میں استعمال کی جاچکی ہے۔

اسمارٹ ری پلے سسٹم کے تحت ہر میچ میں 28 کیمروں کی مدد سے ٹی وی امپائر کو زیادہ بہتر فوٹیج فراہم کی جائے گی تاکہ وہ بہتر فیصلہ کرسکے، اسٹمپنگ کے لیے نیا سسٹم ٹی وی امپائر کو ایک ہی فریم میں تین زاویوں یعنی سائیڈ آن کیمروں کے ساتھ ساتھ فرنٹ آن سے فوٹیج دکھائے گا۔

مزید پڑھیں: ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کا ترانہ ریلیز ہوگیا

اس سے قبل اس مقصد کیلئے اسٹمپ کیم استعمال کیا جاتا تھا جو تقریباً 50 فریم فی سیکنڈ کی کم رفتار سے کارروائی کو ریکارڈ کرتا تھا، اس کے مقابلے میں ہاک آئی کیمرے تقریباً 300 فریم فی سیکنڈ کی رفتار سے ریکارڈ کرتے ہیں، یعنی اب امپائرز کو فیصلہ کرنے کیلئے زیادہ درست فوٹیج دستیاب ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔