5 گھنٹے کی جنگ بندی کے بعد اسرائیل کی غزہ پر پھر بمباری شہادتوں کی تعداد 230 ہوگئی

صیہونی فوج کا سمندر کنارے کھیلنے والے بچوں پر بمباری سے 4 کمسن شہید، رفع میں بمباری سے 3 افراد جان سے گئے


ویب ڈیسک July 17, 2014
اقوام متحدہ کی درخواست پر 5 گھنٹے کی جنگ بندی کے بعد صیہونی فوج نے ایک مرتبہ پھرغزہ پر گولہ باری شروع کردی۔ فوٹو؛ اے ایف پی

اسرائیل نے 5 گھنٹے کی عارضی جنگ بندی ختم کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر غزہ پر بمباری شروع کردی جس کے نتیجے میں مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ گزشتہ 10 روز سے جاری بربریت کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد 230 ہوگئی۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی ٹٰینکوں نے غزہ کی جانب پش قدمی کرتے ہوئے محصورین پر ایک مرتبہ پھر گولا باری شروع کردی، گزشتہ رات صیہونی فوج کی جانب سے یونس خان، رفع اور دیر البالا میں گولے برسائے گئے جس کے نتیجے میں 6 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ اقوام متحدہ کی درخواست پر 5 گھنٹے کی جنگ بندی کے بعد صیہونی فوج نے ایک مرتبہ پھررفع میں گولے برسا کر مزید 3 نہتے فلسطینیوں کی جان لے لی۔


اس سے قبل صیہونی فوج نے سمندر کنارے کھیلنے والے بچوں کو بھی نہ بخشا اورتوپ کا گولہ مار کر سمندر کنارے کھیلنے والے 4 معصوم بچوں کوشہید کردیا جبکہ اسرائیل کی بربریت کا جواب دیتے ہوئے حماس کی جانب سے بھی اسرائیلی حدود میں راکٹ فائر کئے گئے جس میں گزشتہ 10 روز سے جاری لڑائی کے دوران ایک یہودی ہلاک ہوا۔


واضح رہے کہ 8 جولائی سے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کی جارہی ہے جس میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 230 اور 1690 افراد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ فلسطین میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق اسرائیلی بمباری کے دوران شہید ہونے والوں میں 80 فیصد تعداد عام شہریوں کی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔