امریکی فٹ بال سیزن اور شاہد خان کے چرچے

محمد اختر  اتوار 23 ستمبر 2012
شاہد خان کی فٹبال ٹیم جیگوار کے کھلاڑی (سفید کٹ میں) ایک میچ میں نبردآزما ہیں۔ فوٹو: فائل

شاہد خان کی فٹبال ٹیم جیگوار کے کھلاڑی (سفید کٹ میں) ایک میچ میں نبردآزما ہیں۔ فوٹو: فائل

امریکا میں ان دنوں شاہد خان کے بہت چرچے ہیں کیونکہ وہاں پر آج کل فٹبال سیزن چل رہا ہے۔

امریکا میں قومی فٹبال سیزن ستمبر میں شروع ہوتا ہے اور جنوری میں سپربائول کے ساتھ ختم ہوتا ہے۔ اس فٹبال سیزن میں امریکا بھر کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوتا ہے جس میں ملک بھر کے لوگ بڑے جوش وخروش سے اپنی اپنی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔یاد رہے کہ امریکا میں فٹبال کا کھیل ویسا نہیں ہوتا جیسا کہ یورپ اور دنیا کے دوسرے ملکوں میں ہوتا ہے بلکہ امریکن فٹبال ایک قسم کے رگبی اور فٹبال کے ملاپ سے جنم لینے والا کھیل ہے جس میں کھلاڑی پورے جسم پر پیڈز اور سر پر جدید ہیلمٹ پہن کر دوڑتے اور ایک دوسرے سے بھڑتے دکھائی دیتے ہیں۔

امریکن فٹبال کے اس سیزن میں مختلف جرائد اور اخبارات میں شاہدخان کی تصاویر شائع ہورہی ہیں۔اب اس ماہ کے آخری عشرے میں منفرد مونچھوں والا اس کا چہرہ دنیا بھر میں ارب پتی اور کھرب پتی افراد کے ریکارڈ شائع کرنے والے ’’فاربس میگزین‘‘ کے سرورق پر بھی جگمگائے گا۔24ستمبر کو جو فاربس میگزین شائع ہورہا ہے اس میں شاہد خان کے بارے میں قارئین کو تفصیلات سے بتایا گیا ہے۔اس میں ان کا پس منظر اور کامیابی کی کہانی کو دلکش پیرائے میں بیان کیا گیا ہے۔فاربس میگزین کا کہنا ہے کہ مارچ کے اعداد وشمار کے مطابق شاہد خان کے اثاثوں کی مالیت لگ بھگ اڑھائی ارب ڈالر ہے ۔اس سال مارچ میں امریکا کے ایک اور میگزین ’’بزنس جرنل‘‘ کو انٹرویو میں شاہد خان کا کہنا تھا کہ اس نے اپنی کمپنی ’’فلیکس این گیٹ‘‘ میں کامیابی سے بہت کچھ سیکھا اور اسی تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکن فٹبال ٹیم ’’جیگوار‘‘ کو دوبارہ اہم ٹیموں میں شامل کر دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔