ریاست مخالف پروپیگنڈا پر پی ٹی آئی کے 25 رہنماؤں کی طلبی، بیرسٹر گوہر اور رؤف حسن پیش

شاہ فرمان بھی حاضر،عالیہ حمزہ اور کنول شوزب کے وکلا پیش ہوئے،آئی جی اسلام آباد کی سربراہی میں جے آئی ٹی نے سوالات کیے


ویب ڈیسک March 07, 2025

اسلام آباد:

ریاست مخالف پروپیگنڈے کے الزام میں وضاحت کے لیے طلب کیے گئے 25 پی ٹی آئی رہنماؤں میں سے چند جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے پر پی ٹی آئی کے 25 رہنماؤں کو طلب کیا گیا تھا جس کے لیے جے آئی ٹی قائم کی گئی۔

ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد کی سربراہی میں قائم جے آئی ٹی کے سامنے چند پی ٹی آئی رہنما پیش ہوئے۔

چیئرمین بیرسٹر گوہر پیش ہوئے جن سے ڈیڑھ گھنٹے تک جے آئی ٹی نے سوالات کیے اور وہ جوابات دیتے رہے۔ رؤف حسن اور شاہ فرمان بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے، عالیہ حمزہ اور کنول شوزب کی جانب سے وکلا پیش ہوئے۔

جے آئی ٹی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

ایکسپریس نیوز کو اپنے ذرائع سے جے آئی ٹی کی اندرونی کہانی مل گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کے طلب کردہ افراد سے سوشل میڈیا ہینڈلر سے متعلق سوالات کیے گئے، پی ٹی آئی رہنماؤں کو سوشل میڈیا پر پوسٹس سے متعلق سب کچھ دکھایا گیا، بیرسٹر گوہر و دیگر سے پارٹی فنانسنگ سے متعلق بھی سوالات پوچھے گئے۔

ذرائع کے تحریک انصاف کے فنانس ڈیپارٹمنٹ کے دو لوگ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے، فنانس ٹیم نے تحریک انصاف کی فنڈنگ سے متعلق تمام ریکارڈ جے آئی ٹی کو پیش کر دیا۔

ایکسپریس نیوز نے جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد بیرسٹر گوہر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس پر انہوں ںے کہا کہ  ہم تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، کسی بھی ادارے کے ساتھ خلیج نہیں چاہتے۔

کیا آپ نے بھی کوئی ریاست مخالف پوسٹ کی ہے؟ اس سوال پر انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اداروں کے خلاف پوسٹ نہیں کی، مجھ سے ملاقات اور پوچھ گچھ خوشگوار ماحول میں ہوئی، جے آئی ٹی کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات پارٹی کے پلیٹ فارم پر ڈسکس کریں گے۔

انہوں ںے کہا کہ سوشل میڈیا سے متعلق سوالات پر بانی تحریک انصاف سے بھی ڈسکس کریں گے، مجھے کچھ سوشل میڈیا پوسٹس دکھائی گئیں، ان پوسٹس کے حوالے سے پارٹی اور بانی چئیرمین سے بات کروں گا۔

یہ پڑھیں : سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا، جے آئی ٹی کا پی ٹی آئی قیادت کو طلبی کا نوٹس

جے آئی ٹی نے جن رہنماؤں کو طلب کیا تھا ان میں گوہر علی خان، سلمان اکرم راجا، رؤف حسن، سید فردوس شمیم نقوی، محمد خالد خورشید خان، میاں محمد اسلم اقبال، حماد اظہر، عون عباس، عالیہ حمزہ ملک، محمد شہباز شبیر، وقاص اکرم، کنول شوزب، تیمور سلیم خان، اسد قیصر اور شاہ فرمان شامل ہیں جنہیں نوٹسز جاری کردیے گئے تھے۔

جے آئی ٹی کی جانب سے پی ٹی آئی کے رہنما زلفی بخاری سمیت سوشل میڈیا ٹیم کے ارکان آصف رشید، محمد ارشد، صبغت اللہ ورک، اظہر مشوانی، محمد نعمان افضل، جبران الیاس، سید سلمان رضا زیدی، موسیٰ ورک اورعلی حسنین ملک کو بھی طلبی کے نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔

مقبول خبریں