کراچی:
شہر قائد میں واٹر ٹینکر اور ٹرالر کی ٹکر سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے کورنگی کراسنگ ندی کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر (ایل اے 755) نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے باعث موٹر سائیکل پر سوار خاتون جاں بحق جبکہ خاتون کا شوہر زخمی ہو گیا۔
حادثے کے بعد کورنگی کراسنگ ندی سے گزرنے والے شہریوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگادی جبکہ کلیئر کو تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کردیا۔
فائربریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر واٹرٹینکرمیں لگی آگ پر قابو پا لیا، اس دوران ٹینکر کا اگلا حصہ مکمل خاکستر ہو گیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 40 سالہ ریحانہ زوجہ مشتاق کے نام سے کی گئی۔
حادثے میں جاں بحق خاتون اور اس کا زخمی شوہر کورنگی کے رہائشی بتائے جاتے ہیں، ڈی ایس پی ٹریفک کورنگی شبیر میمن نے ایکسپریس کو بتایا کہ حادثے میں جاں بحق خاتون اور اس کا شوہر گھروں میں کام کرتے ہیں اوراسی سلسلے میں کورنگی سے ڈیفنس جا رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کے فوری بعد واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے واٹر ٹینکر کی زد میں آنے والی موٹر سائیکل کو تھانے منتقل کردیا ہے جبکہ واٹر ٹینکرکو بھی تحویل میں لے لیا۔
ادھر بن قاسم ٹاؤن تھانے کے علاقے گھگھر پھاٹک یوٹرن کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا جنہیں فوری قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
جاں بحق شخص کی شناخت 38 سالہ صواب خان اورزخمی کی شناخت 35 سالہ منظور حسین کے نام سے کی گئی، ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ یوٹرن لیتے ہوئے ٹرالر کی ٹکر کے باعث پیش آیا۔