مسلم لیگ (ق) نے انقلاب مارچ کیلئے کارکنان کو ایک ہفتہ کا سامان ساتھ لانے کی ہدایت کردی

ویب ڈیسک  پير 4 اگست 2014
یوم آزادی کا سورج غیرجمہوری اور ظالم حکمرانوں سے نجات کی نوید لے کر طلوع ہوگا، پرویز الہیٰ  فوٹو؛فائل

یوم آزادی کا سورج غیرجمہوری اور ظالم حکمرانوں سے نجات کی نوید لے کر طلوع ہوگا، پرویز الہیٰ فوٹو؛فائل

لاہور: مسلم لیگ (ق) نے کارکنان کو انقلاب مارچ میں شرکت کرنے اور ایک ہفتہ کا راشن و دیگر ضروری سامان ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ق) کا لاہور ڈیوس روڈ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے ضلعی صدور اور سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہیٰ نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ 10 اگست کو منہاج القرآن کے یوم شہدا میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے ہمراہ 7 دن کا راشن لے کر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم شہدا کے روز انقلاب کا اعلان کیا جاسکتا ہے جس کے پیش نظر تمام کارکنان اپنے ہمراہ بستر، تکیے، چادریں اور کھانے پینے کی اشیا ساتھ لے کر آئیں۔

چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ انقلاب مارچ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، حکمران بات جمہوریت کی کرتے ہیں لیکن ان کے رویئے غیر جمہوری ہیں، یوم آزادی کا سورج غیرجمہوری اور ظالم حکمرانوں سے نجات کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔