شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی میں کارروائی میں 7 ازبک دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

ویب ڈیسک  پير 4 اگست 2014
دریہ خیل، سپلایہ اور دریائے ٹوچی کے جنوبی علاقوں میں پاک فوج کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے، آئی ایس پی آر۔ فوٹو: فائل

دریہ خیل، سپلایہ اور دریائے ٹوچی کے جنوبی علاقوں میں پاک فوج کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے، آئی ایس پی آر۔ فوٹو: فائل

میران شاہ: شمالی وزیرستان کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لئے پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور تازہ کارروائی میں  7 ازبک دہشت گرد ہلاک جب کہ اس دوران 2 جوان بھی شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فوج نے دتہ خیل کے علاقے شہباز خیل میں کارروائی کر کے 7 ازبک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جب کہ آپریشن کے دوران 2 جوان نائب صوبیدار مشکور، لانس نائیک ظہیر شہید ہوئے۔ شہباز خیل سے 75 راکٹ، آئی ای ڈیز، خود کش جیکٹس، کیمیکل اور جہادی مواد برآمد ہوا ہے جب کہ میر علی کے قریب سے بارودی مواد بنانے والی فیکٹری بھی تباہ کر دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میران شاہ، بویا، دیگان، بکا خیل تک کا علاقہ دہشت گردوں سے پاک کرا لیا گیا ہے جب کہ دریہ خیل، سپلایہ اور دریائے ٹوچی کے جنوبی علاقوں میں پاک فوج کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے، اس کے علاوہ میران شاہ روڈ اور دتہ خیل کو محفوظ بنانے کا عمل بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان سے دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کے لئے ڈیڑھ ماہ قبل آپریشن ضرب عضب شروع کیا تھا جس میں اب تک 600 کے قریب دہشت گرد ہلاک اور ان کے درجنوں ٹھکانے تباہ ہو چکے ہیں جب کہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود بنانے والی فیکٹریاں بھی تباہ کی جا چکی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔