پاکستانی فنکاروں کا بولی وڈ میں مستقبل؟

قیصر افتخار  منگل 5 اگست 2014
عمائمہ ملک، عمران اسلم اور فواد خان کی بولی وڈ فلمیں نمائش کے لیے تیار۔  فوٹو: فائل

عمائمہ ملک، عمران اسلم اور فواد خان کی بولی وڈ فلمیں نمائش کے لیے تیار۔ فوٹو: فائل

بھارت کی فلم انڈسٹری اس وقت دنیا کی کامیاب فلم انڈسٹری ہونے کا اعزاز حاصل کرچکی ہے۔

وہاں کروڑوں روپے میں بننے والی فلمیں اب ایک ارب روپے سے زائد میں بننے لگی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور پڑھے لکھے فنکاروں کی بدولت بولی وڈ کے نام سے جانی پہچانی جانے والی بھارتی فلم انڈسٹری کا شمارہالی وڈ کے بعد دوسری بڑی فلم انڈسٹری میں ہوتا ہے ۔

بھارت ہی نہیں بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی یہ خواہش رہتی ہے کہ شوبزکی دنیا میں وہ اپنا فنی سفر بولی وڈ میں کام کرتے ہوئے شروع کریں۔ اسی لئے توآئے دن بولی وڈ میں نوجوان فنکاراپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا اظہارکرتے دکھائی دیتے ہیں بلکہ اب توہالی وڈ کے فنکاربھی بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

پاکستان کے باصلاحیت فنکار بھی بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہردکھاچکے ہیں، جن میں فلمسٹارمحمد علی مرحوم، ندیم بیگ، زیبابختیار، سلمیٰ آغا، معمررانا، میرا، سارہ لورین ، وینا ملک، ثناء اورعلی ظفر سمیت دیگر کے نام شامل ہیں۔

حال ہی میں پاکستان کے باصلاحیت فنکاروں کوبولی وڈ میں کام کرنے کیلئے خاص طور پیشکش کی گئی تھی جن میں اداکارہ عمائمہ ملک، فواد خان اور عمران اسلم شامل ہیں۔ مذکورہ تینوں فنکار پاکستان میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ انہیں بہترین اداکاری اورماڈلنگ پربہت سے ایوارڈز مل چکے ہیں اوراس کے بعد ہی تینوں فنکاروںکو بولی وڈ سے فلموں میں کام کرنے کی پیشکش بھی ہوئی تھی۔

پاکستان کے تینوں فنکاروں کی بولی وڈ میں زبردست انٹری کے چرچے تواب عام ہیں لیکن آنے والے چند ماہ کے دوران ان کی قسمت کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔ پاکستان کی معروف اداکارہ وماڈل عمائمہ ملک کی اداکارعمران ہاشمی کے ساتھ فلم ’’راجا نٹورلال‘‘ اداکارفواد خان کی اداکارہ سونم کپور کے ساتھ فلم ’’ خوبصورت ‘‘ اوراداکارعمران عباس کی اداکارہ بپاشا باسو کے ساتھ فلم ’’کریچر‘‘ رواں برس بھارت سمیت دیگر ممالک میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

اس سلسلہ میں تینوں کی فلموں کی تشہیری مہم زوروں پرہے۔ عمائمہ ملک کی فلم رواں ماہ 29 اگست کوبھارت اورپاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں بیک وقت نمائش کیلئے پیش کردی جائے گی۔ جبکہ فواد خان کی فلم سمتبرکے وسط میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

اسی طرح اداکارعمران کی فلم کی عیدالاضحیٰ پرنمائش متوقع ہے۔ لیکن پاکستان کے تینوں فنکاران دنوں بھارت میں فلموں کی ریلیزسے قبل چلائی جانے والی فلم کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔ ٹی وی پروگرام ، ریڈیوچینلز اورمختلف شہروں میں منعقد کئے جانے والے خصوصی پروگراموں میں شرکت کرکے پاکستانی فنکاراپنے ساتھی بھارتی فنکاروں کے ہمراہ بھرپور مہم چلارہے ہیں۔

پاکستان کے باصلاحیت فنکاروں کی بولی وڈ میں زبردست انٹری کے حوالے سے شوبز کے سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں جس طرح سے ہمارے لیجنڈ محمد علی اور ندیم بیگ کو فلم میں کاسٹ کرنے کے بعد ان کا کام ایڈیٹنگ کے ذریعے کاٹا گیا تھا اب صورتحال خاصی مختلف ہوچکی ہے۔

بولی وڈ میں اچھے اور باصلاحیت فنکاروں کوکام کے بہترین مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ علی ظفراورسارہ لورین کو جس طرح سے بولی وڈ میں متعارف کروایا گیا ہے اور اس کے بعد عمائمہ، فواد اور عمران اسلم کوبھی بہترین فلمساز اداروں نے کام کرنے کا موقع دیا ہے۔ اس لئے ہمیں پاکستانی فنکاروں کا بولی وڈمیں روشن مستقبل دکھائی دے رہا ہے اورہمیں امید ہے کہ بولی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کی طرح پاکستانی فنکاروں کو بھی بہتر رسپانس ملے گا اور ان کی فلمیں سینما گھروں میں اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہیں گی بلکہ ان فنکاروں کی کامیابی سے مزید پاکستانی فنکاروں کے لیے بولی وڈ میں کام کرنے کے امکانات روشن ہوں گے۔

لیکن ہمارے نوجوان فنکاروں نے اداکارہ وینا ملک کی طرح سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے اگر منفی ہتھکنڈوں کا سہارا لیا تھا تو پھر ایک طرف تو انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا اور دوسری جانب ملک کی بدنامی کا جرم بھی انہی کے حصے میں آئے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔