چین نے جنگ بندی کے حقیقی اہداف کے حصول کے لیے ایران کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے امریکی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہی۔
انھوں نے مزید کہا کہ چین ایران کی قومی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے، اور اسی بنیاد پر ایک حقیقی جنگ بندی کے قیام کے حق میں ہے تاکہ لوگ معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔
چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای نے ایران کے جوہری مراکز پر امریکا کے حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے جوہری مراکز پر فوجی حملے جو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کی نگرانی میں ہوں اقوامِ متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی روح کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
خیال رہے کہ چین کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کی جانب سے کرائی گئی ایران اسرائیل جنگ بندی کے باوجود خطے میں کشیدگی بڑھ چکی ہے۔