قومی اسمبلی میں اسرائیلی بربریت کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور

ویب ڈیسک  پير 4 اگست 2014
اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے اقوام متحدہ  اپنا کردار ادا کرے ، قرارداد کا متن،
فوٹو: اے پی پی/فائل

اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے ، قرارداد کا متن، فوٹو: اے پی پی/فائل

اسلام آباد: فلسطین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کے خلاف قرارداد کو قومی اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے فلسطین سے اظہار یکجہتی اور غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف قرار پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ قرار داد میں کہا گیا  کہ پاکستان اسرائیل کے مظالم کی شدید مذمت کرتا ہے اور اسرائیلی مظالم فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف ہیں جبکہ قرارداد کے متن میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے اقوام متحدہ سے کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ مذاکرات کا آغاز کرایا جائے اور غزہ کا محاصرہ ختم کراکر متاثرین کو فوری طور پر امداد پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے مظالم ناقابل برداشت اور کھلی جارحیت ہیں، پاکستان اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور او آئی سی میں فلطسینیوں کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا۔

مشیرخارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں نہ پانی ہے ،نہ خوراک اور نہ ہی دوائیں جبکہ وہاں خواتین اور بچوں کے لیے کوئی محفوظ جگہ بھی نہیں ہے اس لیے وہاں جنگ بندی کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔