پاکستان کوتیسری پوزیشن برقراررکھنے کا چیلنج درپیش

اسپورٹس رپورٹر  منگل 5 اگست 2014
حتمی صورتحال کیلیے انگلینڈ اور بھارت کی سیریزکے نتائج بھی دیکھنا پڑیں گے فوٹو : فائل

حتمی صورتحال کیلیے انگلینڈ اور بھارت کی سیریزکے نتائج بھی دیکھنا پڑیں گے فوٹو : فائل

لاہور: سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو رینکنگ میں تیسری پوزیشن برقراررکھنے کا چیلنج درپیش ہوگا۔

میزبان ٹیم کو شکست ایک درجہ تنزلی کے ساتھ ساتویں نمبر پر دھکیل دے گی، حتمی صورتحال کیلیے انگلینڈاور بھارت کے درمیان سیریز کے نتائج بھی دیکھنا ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم سری لنکا کیخلاف سیریز کیلیے گال میں پڑاؤڈال چکی، پہلا ٹیسٹ بدھ سے شروع ہوگا۔ مصباح الحق الیون اس وقت 103 پوائنٹس کیساتھ عالمی رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر موجود جبکہ جنوبی افریقہ 124اور آسٹریلیا 123کے ساتھ ٹاپ 2 ٹیمیں ہیں، بھارت102 اور انگلینڈ 100پوائنٹس کے ہمراہ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

ٹاپ ٹو کے بعد کی ٹیموں کے پوائنٹس میں معمولی فرق ہونے کی وجہ سے پاکستان کوتیسری پوزیشن برقرار رکھنے کیلیے سری لنکا کیخلاف سیریز جیتنا ہوگی، البتہ حتمی صورتحال بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سیریز سے سامنے آئے گی جس کا اختتام دوسرے پاک سری لنکا ٹیسٹ کے ایک روز بعد ہوگا، آئی لینڈرز اس وقت 95پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں، پاکستان کیخلاف 1-0سے فتح رینکنگ میں ایک جبکہ کلین سوئپ 2 درجے بہتری دلانے کیلیے کافی ہوگا۔ دوسری طرف سیریز میں شکست کی صورت میں انگلینڈ اور بھارت میں سے کسی ایک کی تنزلی ضرور ہوگی۔ جنوبی افریقی ٹیم میزبان زمبابوے کیخلاف 9اگست سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میں اپنی نمبر ون پوزیشن مزید مستحکم کرنے کی کوشش کریگی۔

پاکستان اور سری لنکا کی سیریز کے دوران عالمی رینکنگ کے ٹاپ 10میں شامل کمارا سنگاکارا(2)،اینجیلو میتھیوز(6) اور مصباح الحق (7)ایکشن میں ہونگے۔یونس خان 11ویں اور اپنے کیریئر کی آخری ٹیسٹ سیریز کھیلنے والے مہیلا جے وردنے14ویں پوزیشن پر ہیں۔بولرز میں سعید اجمل 5 جبکہ رنگانا ہیراتھ 8ویں پوزیشن کا اعتماد لیے میدان میں اتریں گے، عبدالرحمان 14اور جنید خان 17ویں درجے پر موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔