واشنگٹن: امریکا نے شام کی تنظیم حیات تحریر الشام (جسے پہلے النصرہ فرنٹ کہا جاتا تھا) کو غیر ملکی دہشتگرد تنظیموں کی فہرست سے باضابطہ طور پر خارج کر دیا ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی دستخط شدہ میمو پیر کو جاری کی گئی، جس میں کہا گیا کہ مشاورت کے بعد النصرہ فرنٹ کی دہشتگرد تنظیم کی حیثیت ختم کر دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام پر عائد امریکی پابندیاں ختم کرنے کے لیے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں تاکہ ملک کو عالمی مالیاتی نظام سے دوبارہ جوڑا جا سکے اور خانہ جنگی کے بعد تعمیر نو میں مدد دی جا سکے۔
حیات تحریر الشام ماضی میں القاعدہ کی شاخ رہی ہے، لیکن تنظیم نے کئی سال قبل القاعدہ سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا اور دعویٰ کیا ہے کہ وہ شام میں جمہوری حکومت کی خواہاں ہے۔
دسمبر 2024 میں، شام کے نئے صدر احمد الشریعہ کی قیادت میں اس تنظیم نے دیگر باغیوں کے ساتھ مل کر سابق صدر بشار الاسد کو اقتدار سے بے دخل کیا تھا۔
احمد الشریعہ اور ٹرمپ کی مئی میں ریاض میں ملاقات بھی ہو چکی ہے، جس کے بعد سے امریکا نے شام سے متعلق اپنی پالیسیوں میں واضح تبدیلی کی ہے۔