اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے قطری شہزادی شیخہ اسماء کو پہاڑوں اور سیاحت کے شعبے میں پاکستان کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کردیا۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ عزت مآب شیخہ اسماء الثانی کو پہاڑوں اور سیاحت کے شعبے میں پاکستان کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے لکھا کہ نانگا پربت کو حال ہی میں سر کرنے پر میں دل کی گہرائیوں سے شہزادی شیخہ اسماء کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ کارنامہ واقعی قابلِ فخر اور متاثر کن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہزادی شیخہ اسماء الثانی کی یہ کامیابی ہمت، عزم اور حوصلے کا پیغام دیتی ہے اور پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط دوستی کی خوبصورت مثال بھی ہے۔
یاد رہے کہ قطری شہزادی شیخہ اسماء نے حال ہی میں پاکستان کی 8,126 میٹر بلند پہاڑی چوٹی نانگا پربت سر کی ہے جس کے بعد وہ نانگا پربت سر کرنے والی پہلی قطری خاتون بن گئی ہیں۔
قطری شہزادی کی جانب سے خطرناک موسم اور دشوار گزار راستوں کے باوجود نانگا پربت (المشہور قاتل پہاڑ) پر قطر کا قومی پرچم لہرایا گیا، انکا یہ کارنامہ اُن کی 14 بلند ترین چوٹیوں کی مہم میں نواں کامیاب مرحلہ ہے جس کے ساتھ ہی وہ عالمی کوہ پیماؤں کی صف میں نمایاں ہوگئی ہیں۔
شہزادی شیخہ اسماء کا عزم اور حوصلہ خواتین کو بااختیار بنانے کی عالمی سطح پر ایک روشن مثال ہے، انکی یہ کامیابی قطر کا فخر اور خواتین کی عالمی مہمات میں اہم اضافہ ہے۔