عالمی طاقتیں اسرائیلی مظالم روکنے میں اپنا کردار ادا کریں، وزیر اطلاعات پرویز رشید

ویب ڈیسک  منگل 5 اگست 2014
 اسرائیل عالمی طاقتوں کی طرف سے فراہم کردہ ہتھیار بے گناہ لوگوں کے خلاف استعمال کررہا ہے،
سینیٹر پرویز رشید، فوٹو: فائل

اسرائیل عالمی طاقتوں کی طرف سے فراہم کردہ ہتھیار بے گناہ لوگوں کے خلاف استعمال کررہا ہے، سینیٹر پرویز رشید، فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہےکہ اسرائیل عالمی طاقتوں کی طرف سے فراہم کردہ ہتھیار بے گناہ لوگوں کے خلاف استعمال کررہا ہے جس پر عالمی طاقتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم روکنے میں مدد دینے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

اسلام آباد میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک فلسطینیوں پر ریاستی دہشت گردی کے خلاف اسرائیل پر پابندیاں عائد کریں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ریاستی عناصر کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے عالمی طاقتیں متحد ہوکر کارروائی کرتی ہیں لیکن فلسطین میں خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں بے گناہوں کی موت پر خاموشی اختیار کرلی گئی ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ اسرائیل عالمی طاقتوں کی طرف سے فراہم کردہ ہتھیار بے گناہ لوگوں کے خلاف استعمال کررہا ہے جس پر عالمی طاقتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم روکنے میں مدد دینے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عالمی طاقتیں اسرائیل کی اس درندگی کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہیں تو اس سے یہ پیغام جائے گاکہ وہ دہشت گردی کے خلاف اپنے عزم میں مخلص نہیں ہیں اور صرف بعض ممالک اور مخصوص عقیدہ رکھنے والے لوگوں کے خلاف ہی کارروائی کررہی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کئی ممالک نے اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی ہے لیکن اثرو رسوخ رکھنے والی عالمی طاقتیں اس معاملے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں جبکہ اس بات کا بھی افسوس ہے کہ اسرائیل کی جانب  سے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کے باوجود بھی دنیا خاموش ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔