کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 28 پوائنٹس ریکور

بزنس رپورٹر  بدھ 6 اگست 2014
مارکیٹ سرمائے میں 13 ارب 35 کروڑ روپے کا اضافہ، 13 کروڑ 27 لاکھ حصص کے سودے۔   فوٹو: آن لائن/فائل

مارکیٹ سرمائے میں 13 ارب 35 کروڑ روپے کا اضافہ، 13 کروڑ 27 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

کراچی: کراچی اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو رونما ہونے والی شدید مندی کے بعد منگل کے روز ریکوری دیکھی گئی، کاروباری سرگرمیوں کا آغاز مثبت انداز میں ہوا۔

کاروباری سیشن کے دوران اتار چڑھاؤ کے بعد انڈیکس 28.58 پوائنٹس کے اضافے سے 29676.41 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، مارکیٹ کے مجموعی سرمائے کا حجم ایک بار پھر 70 کھرب روپے سے تجاوز کرگیا تاہم کاروباری لین دین پیر کی نسبت 9 کروڑ حصص کم رہا، سرمایہ کاروں کی بینکنگ، فرٹیلائزز، سیمنٹ اور پٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کاری کے سبب ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 29700 اور 29800 پوائنٹس کی 2 بالائی حدوں کو عبور کر گیا تھا لیکن مقامی سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کا رجحان بھی دیکھا گیا جس کی وجہ سے تیزی کی شدت میں کمی ہوئی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سیاسی افق پر غیریقینی صورتحال کی وجہ سے سرمایہ کار تذبذب کا شکار ہیں اور محتاط طرز عمل دیکھا جارہا ہے خصوصاً غیرملکی سرمایہ کار پاکستان میں سیاسی ہلچل کے باعث نئی سرمایہ کاری سے گریز کررہے ہیں اور انتہائی محدود پیمانے پر مخصوص حصص کی خریداری کررہے ہیں جس کی وجہ سے منگل کو مارکیٹ میں معمولی تیزی دیکھی گئی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ اس وقت تکنیکی کریکشن کی زد میں ہے اور کسی وقت بھی مارکیٹ اپ سیٹ ہو سکتی ہے لیکن اگر سیاسی افراتفری کا خاتمہ ہو جائے اور مارکیٹ کے حوالے سے کوئی مثبت اطلاعات یا اقدامات سامنے آ جائیں تو مارکیٹ دوبارہ30000 پوائنٹس کی سطح رواں ہفتے میں ہی عبور کر سکتی ہے۔

منگل کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 28.58 پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس 29676.41 پوائنٹس ہو گیا، اسی طرح 54.281 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 20680.73پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 41 پوائنٹس بڑھ کر 21851.51 پوائنٹس پر آگیا۔ تیزی کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں 13 ارب 35 کروڑ 32 لاکھ 1 ہزار 607 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 69 کھرب 92 ارب 33 کروڑ 31 لاکھ 27 ہزار 886 روپے سے بڑھ کر 70 کھرب 5 ارب 68 کروڑ 63 لاکھ 29 ہزار 493 روپے ہوگیا، منگل کو مارکیٹ میں 13 کروڑ 27 لاکھ 67 ہزار حصص کا کاروبار ہوا اور ٹریڈنگ ویلیو 7 ارب روپے تک محدود رہی جبکہ پیر کو 22 کروڑ 38 لاکھ 75 ہزار حصص کا کاروبار ہوا تھا۔

منگل کو 346 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں 151 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 165 میں کمی اور 30 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا، کاروبار کے لحاظ سے عسکری بینک 1 کروڑ 67 لاکھ ، لافارج پاک 1 کروڑ 12 لاکھ، اینگرو فرٹیلائز لمیٹڈ 59 لاکھ ، بینک الفلاح 57 لاکھ اور فوجی سیمنٹ 50 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہیں، قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے سیمنس پاکستان کے بھاؤ میں 33.99 روپے اور انڈس ڈائنگ کے بھاؤ میں 31.99 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ رفحان میعظ کے بھاؤ میں 552 روپے اور باٹا پاکستان کے بھاؤ میں 169.33 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔