کراچی؛ سعودآباد میں تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا، حادثے کی فوٹیج منظرعام پر آگئی

 حادثے میں 60 سالہ باقر نامی شخص جاں بحق ہوا


اسٹاف رپورٹر July 19, 2025

کراچی:

ملیر سعود آباد میں پیش آنے والے ہولناک ٹریفک حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی، جس میں 60 سالہ موٹر سائیکل سوار باقر کو تیز رفتار ٹرک کے کچلنے کا لرزہ خیز منظر صاف دیکھا جا سکتا ہے۔

 18 جولائی جمعے کی صبح پیش آنے والے حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملیر سعود آباد آر سی ڈی گراؤنڈ کے قریب واقعے مرکزی روڈ پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں تھی کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار باقر آگے جا رہا تھا۔ عقب سے آنے والا تیز رفتار ٹرک اچانک اسے ٹکر مارتا ہے اور باقر کو روندتا ہوا گزر جاتا ہے۔

 واقعے کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج میں مزید مناظر بھی محفوظ ہوئے  جن میں جائے حادثہ پر شہریوں کو جمع ہوتے اور شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

واقعے کے بعد مشتعل افراد نے حادثے کے بعد ٹرک کو آگ لگا دی تھی جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا اور ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کیا۔

متوفی باقر کے اہلخانہ کے مطابق وہ دودھ کے کاروبار سے وابستہ تھا اور اپنے گھر کا واحد کفیل تھا۔ وہ روزی کی تلاش میں گھر سے نکلا تھا کہ موت اس کا مقدر بن گئی۔

مقبول خبریں