بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا کہ سیارا کی کامیابی اس بات کی علامت ہے کہ فلم بین اب صرف بڑے ناموں سے نہیں بلکہ منفرد کہانیوں اور نئے چہروں سے متاثر ہوتے ہیں۔
ممبئی میں اپنی نئی فلم 'ستارے زمین پر' کے ایک پروموشنل ایونٹ کے دوران میڈیا سے گفتگو میں اداکار نے کہا کہ ہر دور کا اپنا ایک ذوق ہوتا ہے اور آج کی نسل ایسے مواد کی تلاش میں ہے جو ان کے جذبات سے ہم آہنگ ہو۔
اداکار عامر خان نے 'سیارا' کو ایک بڑی ہٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی ہر عمر اور طبقے کے لیے مختلف موضوعات پر کام کرنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ فنی آزادی انہیں تخلیقی طور پر بھرپور محسوس کرواتی ہے۔
اس موقع پر عامر خان کی پروڈکشن کمپنی کی جانب سے بھی سیارا کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ آہان پنڈے اور انیت پڈا کی پہلی فلم میں اداکاری قابل تعریف ہے، جبکہ ہدایتکار موہت سوری نے فلم میں جذبات اور فنی مہارت کا شاندار امتزاج پیش کیا ہے۔
یاد رہے کہ فلم 'سیارا' ان دنوں سنیما گھروں میں دھوم مچا رہی ہے۔ فلم کی دلکش رومانوی تھیم، متاثرکن میوزک اور نئی اداکار جوڑی کی کیمسٹری نے شائقین کے دل جیت لیے ہیں۔