کراچی کے علاقے ڈیفنس میں معروف وکیل خواجہ شمس الاسلام کو قتل کیے جانے کے واقعے کیلیے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے ڈیفنس میں معروف وکیل خواجہ شمس الاسلام قتل کیس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ کمیٹی کا حکم نامہ جاری کر دیا۔
حکم نامے میں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور سندھ پولیس و پراسیکیوشن کے نمائندے شامل ہیں، مشترکہ کیمٹی میں بار ایسوسی ایشن کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بیرسٹر محمد سرفراز علی میتلو ، نائب صدر محمد راحب لاکھو ، سیکریٹری و نائب سیکریٹری سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن مرزا سرفراز احمد اور وسیم سیف کھوسو شامل ہیں۔
مشترکہ کمیٹی میں پراسیکیوشن کی جانب سے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا ، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرجنوبی اسد اللہ میتلو، ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی اور ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ ساؤتھ علی حسن شامل ہیں۔
کمیٹی کا مقصد تحقیقات کی شفافیت کو یقینی بنانا ، مقدمے کی پیش رفت کا تجزیہ کرنا اور قانونی تقاضوں کے مطابق پراسیکیوشن میں مدد فراہم کرنا ہے۔