کراچی کے شہری دہری اذیت کا شکار، منگل کی صبح بند ہوئی بجلی تاحال بحال نہ ہوسکی

گزشتہ روز کے الیکٹرک کے ریکارڈ 900 فیڈرز بند ہوئے، نجکاری کے بعد فیڈرز بند ہونے کی تعداد سے یہ بدترین صورتحال ہے


اسٹاف رپورٹر August 20, 2025

کراچی:

بارش کی تباہ کاریوں سے پریشان کراچی کے شہری دہری اذیت کا شکار ہیں، مختلف علاقوں میں منگل کی صبح بند ہوئی بجلی تاحال بحال نہیں ہوسکی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق منگل کی صبح بارش کے سبب کراچی کے بڑے حصے کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، کچھ علاقوں میں رات تک بجلی بحال ہوگئی مگر اکثر علاقوں میں 24 اور 30 گھنٹوں بعد بھی بجلی بحال نہیں ہوسکی جب کہ بدھ کو دوبارہ ہوئی بارش کے بعد متعدد فیڈرز ایک بار پھر بند ہوگئے۔

بارش کے باعث کے الیکٹرک کا ڈسٹری بیوشن نظام بری طرح ناکام ہوگیا، ڈیفنس سمیت شہر کے پوش علاقوں میں بھی شہری رات بھر بغیر بجلی کے گزارا کرنے پر مجبور رہے۔ 

آج بھی بھی تھوڑی سی بارش کے بعد کے الیکٹرک کے 430  سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، گلشن اقبال بلاک 5 ، نارتھ ناظم آباد بلاک ڈی، بلاک اے، ناظم آباد، بنارس، بورڈ آفس سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش کو 24 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر گیا۔

کے الیکٹرک کی ٹیکنیکل ٹیمیں فالٹ دور کرنے میں ناکام ہیں، کے الیکٹرک کا عملہ لوگوں بجلی کی بندش ختم کرنے کے بجائے شہریوں سے الجھنے لگا۔

گزشتہ روز کے الیکٹرک کے ریکارڈ 900 سے زاید فیڈرز بند ہوئے تھے، کے الیکٹرک کی نجکاری کے بعد فیڈرز بند ہونے کی تعداد سے یہ بدترین صورتحال تھی۔

2100 مجموعی فیڈرز میں سے 900 فیڈرز بند ہونے سے تقریبا آدھے شہر کی بجلی گزشتہ روز بند رہی۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر وزیر توانائی ناصر شاہ نے کے الیکٹرک انتظامیہ سے رابطہ کیا اور انہیں کئی گھنٹوں سے بجلی سے محروم علاقوں میں بجلی فوراً بحال کرنے کی ہدایت کی۔

ناصر شاہ نے کہا کہ بجلی کی بندش سے گھروں میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوگئی ہے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں، بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے بھی بجلی لازمی ہے، عوامی مشکلات کے پیش نظر شہر بھر میں بجلی بحالی یقینی بنائی جائے، فلیٹس میں رہائشی بغیر پنکھوں اور روشنی کے کرب میں مبتلا ہیں۔ 

ناصر شاہ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے مختلف علاقوں میں فوری بجلی بحالی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مقبول خبریں