پاکستان میں حالیہ بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ سے پیدا ہونے والی تباہ کن صورتحال پر برطانیہ نے اظہار یکجہتی جب کہ سعودی عرب نے مالی تعاون کا اعلان کیا ہے۔
برطانیہ کے شاہ چارلس سوم اور ملکہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی پر گہرا افسوس ہے۔
شاہ چارلس نے کہا کہ ہم ان سب کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیارے، گھروں اور کاروبار کو کھو دیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ برطانیہ میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے والے خاندان پاکستانی عوام کے دکھ پر غمزدہ ہیں۔
شاہ چارلس نے کہا کہ برطانیہ مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور مقامی کمیونٹیز اور رضاکاروں کی ہمت و عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
شاہ چارلس نے کہا کہ میں میری اہلیہ ملکہ کامیلا سیلاب اور ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان اور وسیع پیمانے پر تباہی پر غمگین ہیں۔
انھوں نے مزید کہاکہ ا ہم ایمرجنسی سروسز، رضاکاروں اور مقامی کمیونٹیز کے حوصلے اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی کاوشیں تاریک لمحات میں بھی روشن نظر آتی ہیں۔
شاہ چارلس اور ملکہ کامیلا نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے چیلنجز کا سامنا کرتی متاثرہ کمیونٹیز کے لیے خاص طورپر دعاگوہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب نے خیبر پختونخوا میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ کیا ہے۔
یہ امداد سعودی حکومت، رائل فیملی اور کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے بھیجی گئی ہے جس میں 10 ہزار شیلٹر کٹس اور 10 ہزار فوڈ پیکٹس شامل ہیں۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ ہفتے کلاؤڈ برسٹ اور شدید بارشوں کے نتیجے میں 350 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے درجنوں لاپتا ہیں۔ اربوں روپے مالیت کا انفراسٹرکچر اور املاک سیلاب کی نذر ہوگئے۔
آج کراچی میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے جب کہ متعدد گاڑیاں نالے میں گر کر تباہ ہوگئیں۔