کرکٹ ٹیم میں کسی کھلاڑی کو شامل کرانے میں میرا کوئی کردار نہیں، محسن نقوی

سلیکشن کمیٹی کئی کئی گھنٹے بحث کے بعد ٹیم بناتی ہے، قومی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے بے جا تنقید بند کریں، چیئرمین پی سی بی


ویب ڈیسک August 23, 2025
فوٹو: فائل

لاہور:

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایشیا کپ میں قومی ٹیم سے اچھی کارکردگی کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم پر بے جا تنقید بند کریں اور انہیں سپورٹ کریں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ غنی کلب لاہور میں جس طرح کرکٹ کو فروع دے رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے، یہ کرکٹ کی خدمت کر رہے ہیں اور اس طرح کے مزید کلب بننے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم اچھا کھیل رہی ہے اور ایشیا کپ میں بھی بہتر پرفارم کرے گی۔

کرکٹ میں بھارت کے رویے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات رکھیں گے۔

قومی ٹیم کے انتخاب سے متعلق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میرا کسی کھلاڑی کو ٹیم میں ڈالنے میں کوئی کردار نہیں بلکہ سلیکشن کمیٹی کئی کئی گھنٹے بحث کر کے ٹیم بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تمام میسر بہتر کھلاڑیوں کو مواقع دیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں ہمارے کھلاڑی اپنی پوری جان لڑائیں گے، نتیجہ اللہ کے حوالے ہے مگر ٹیم کو سپورٹ کریں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ ٹیم پر بے جا تنقید بند کریں اور انہیں سپورٹ کریں۔

مقبول خبریں