کراچی:
میٹھادر کے علاقے ایل پی آر کالونی گھر میں فائرنگ کرکے تندور پر کام کرنے والے مزدور کو قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح میٹھادر تھانے کے علاقے ایل پی آر کالونی مائی کلاچی روڈ ٹائر کمپنی اللہ والی مسجد کے گھر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں مقتول کی شناخت 27 سالہ عامر ولد سومار خان کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او میٹھادر بھائی خان کے مطابق مقتول کلفٹن میں واقع نجی ریسٹورنٹ پر تندور کا کام کرتا تھا اور مقتول اپنے کزن اور دوستوں کے ہمراہ ایل پی آر کالونی میں رہائش پذیر تھا، مقتول رات تین بجے کے قریب ریسٹورنٹ سے گھر پہنچا اور صبح نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس نے مکان میں مقتول کے ساتھ رہائش پذیر اس کے تین دوستوں کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کو جائے وقوع سے تیس بور پستول کا ایک خول ملا ہے جسے پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے، ابتدائی تفتیش میں واقع ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے تاہم پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔