8 ماہ سے کینسر کے اسٹیج 4 سے زندگی کی جنگ لڑ رہی ہوں؛ بھارتی اداکارہ

ساتھی فنکاروں نے تنیشتھا چترجی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا


ویب ڈیسک August 25, 2025
اداکارہ تنیشتھا چترجی نے انسٹاگرام پر اسٹیج فور کینسر کی جدوجہد کا انکشاف کیا، ساتھی فنکاروں نے حوصلہ بڑھایا۔

بھارتی اداکارہ تنیشتھا چترجی نے انکشاف کیا ہے وہ اس وقت اسٹیج فور کینسر سے زندگی کی جنگ لڑ رہی ہیں۔

یہ بتاتے ہوئے اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی چند تصاویر بھی شیئر کیں جن میں ایک تصویر میں ان کا سر مونڈا ہوا نظر آرہا ہے جبکہ دوسری تصویر میں وہ اپنی فلمی دنیا کے دوستوں جیسے شبانہ اعظمی، ودیا بالن، دیویا دتہ اور لارا دتہ کے ساتھ موجود ہیں۔

اداکارہ تنیشتھا چترجی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ آٹھ ماہ ان کی زندگی کے سب سے مشکل دن رہے۔ والد کو کینسر کی وجہ سے کھونے کے بعد خود اس مرض کی تشخیص ہونا بہت کٹھن لمحہ تھا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ اس دوران انہیں اپنی 70 سالہ والدہ اور 9 سالہ بیٹی کی ذمہ داریاں بھی اٹھانی پڑی ہیں۔ یہ سفر صرف درد کا نہیں بلکہ محبت اور حوصلے کا بھی ہے۔

اداکارہ تنیشتھا چترجی نے اپنی دوستوں اور ساتھی فنکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ نے انہیں جینے کا حوصلہ دیا۔

ان کی اس پوسٹ پر کئی بالی ووڈ شخصیات نے محبت اور حوصلے بھرے پیغامات بھیجے۔

کونکونا سین شرما نے لکھا، "آپ واقعی متاثر کن اور قابلِ فخر ہیں۔" جبکہ دیا مرزا نے کہا، "ہم سب آپ کے ساتھ ہیں، آپ ہماری جنگجو شہزادی ہیں۔"

اداکار ابھے دیول اور سندھیا مریدل نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تنیشٹھا نے اپنی پوسٹ کے آخر میں خواتین دوستی اور بہنوں جیسے رشتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہی رشتے ان کے لیے سب سے بڑی طاقت ہیں۔

 

مقبول خبریں