غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملہ، پاکستان کا عالمی برادری سے اقدام کا مطالبہ

اسرائیلی حملے میں 21 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 4 صحافی اور ایک ریسکیو ورکر بھی شامل ہے


ویب ڈیسک August 27, 2025

پاکستان نے غزہ کے خان یونس میں واقع ناصر اسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کو انسانیت سوز جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے۔

اسرائیلی حملے میں 21 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 4 صحافی اور ایک ریسکیو ورکر بھی شامل ہے۔

اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسپتال پر حملہ بین الاقوامی انسانی قوانین اور اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا تسلسل ہے، جو نہ صرف غزہ کے مظلوم عوام بلکہ عالمی ضمیر کے لیے بھی لمحۂ فکریہ ہے۔

دفتر خارجہ نے شام میں اسرائیلی دراندازی کی بھی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شام کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو خطے کا امن و استحکام سبوتاژ کرنے سے روکے اور بین الاقوامی قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائے۔

مقبول خبریں