خیبرپختونخوا کے سرکاری کالجوں میں بی ایس پروگرام ختم

بی ایس کی جگہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز شروع کیے جائیں گے، صوبائی محکمہ اعلیٰ تعلیم


ویب ڈیسک September 03, 2025

پشاور:

خیبرپختونخوا کے سرکاری کالجوں میں بی ایس پروگرام ختم کردیا گیا۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا کے اعلامیہ کے مطابق بی ایس پروگرامز میں شامل متعدد غیر ضروری مضامین کو بند کردیا گیا ہے، اسکی جگہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صوبے کے متعدد کالجوں میں بی ایس پروگرام کے تحت پڑھائے جانے والے کئی مضامین کو غیر ضروری قرار دے کر بند کیا گیا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بی ایس پروگرام میں طلبہ کی انرولمنٹ نہ صرف بہت کم رہی بلکہ ڈراپ آؤٹ کی شرح بھی تشویشناک حد تک زیادہ رہی، جس کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ نے واضح کیا کہ نئے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کا آغاز طلبہ کی ضروریات اور تعلیمی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے۔

محکمہ کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق صوبے کے 36 کالجوں میں متعدد مضامین بند کیے گئے ہیں، جبکہ 128 کالجوں میں جاری 230 بی ایس پروگرام اب اے ڈی پروگرام میں منتقل کیے جائیں گے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نئے نصاب کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور طلبہ کو عملی زندگی کے قریب تر لانے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق محکمہ اعلیٰ تعلیم نے ہدایت جاری کی ہے کہ کالجوں میں ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کے اجرا کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں کسی قسم کا تعطل نہ آئے۔

طلبہ اور والدین کی جانب سے اس فیصلے پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ طلبہ نے بی ایس پروگرام کے خاتمے پر تشویش کا اظہار کیا جبکہ دیگر نے ایسوسی ایٹ ڈگری کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔

ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ اگرچہ بی ایس پروگرام کا خاتمہ کئی طلبہ کے لیے مشکلات پیدا کر سکتا ہے، تاہم ایسوسی ایٹ ڈگری روزگار کے مواقع کے لحاظ سے ایک بہتر متبادل ثابت ہو سکتی ہے۔

مقبول خبریں