ملائیشیا کا بچوں کو ٹک ٹاک استعمال کرنے سے روکنے کیلیے بڑا اقدام سامنے آگیا

ٹک ٹاک کمپنی نے ایج ویریفیکیشن سسٹم کو لاگو نہیں کیا تو سخت قدم اُٹھائیں گے، ملائیشیا


ویب ڈیسک September 04, 2025
ٹک ٹاک نے ایج ویریفکیشن سسٹم کو نافذ نہیں کیا تو سخت قدم اُٹھائیں گے، ملائیشیا

ملائیشیا نے ٹک ٹاک کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے عمر کی تصدیق کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اُٹھائے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات ملائیشیا کے وزیرِ مواصلات فاہمی فاضل نے ٹک ٹاک کے نمائندوں سے ملاقات میں کی۔

انھوں نے ٹک ٹاک کمپنی کے نمائندوں کو بتایا کہ بچوں تک منفی، جنسی یا نقصان دہ مواد کی رسائی کو روکنے کی کوششیں ناکافی اور انتہائی غیر مطمئن ہیں۔

ملائیشیا کے وزیر مواصلات نے متنبہ کیا کہ ٹک ٹاک کو پولیس اور ملائیشین کمیونیکیشن کمیشن کے ساتھ مل کر ایج ویریفیکیشن سسسٹم پر کام کرنا ہوگا ورنہ حکومت سخت اقدامات اٹھا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ ملائیشیا نے حالیہ مہینوں میں آن لائن جوا، اسکیمز، بچوں کے استحصال، سائبر بلیئنگ اور نسلی یا مذہبی مواد سمیت نقصان دہ آن لائن مواد میں اضافہ نوٹ کیا ہے۔

اسی تناظر میں ملائیشیا کی حکومت نے ٹک ٹاک کے ساتھ ساتھ X اور میٹا (فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ) کو بھی طلب کرنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال سے 80 لاکھ سے زائد صارفین رکھنے والے پلیٹ فارمز کو لائسنس لینا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ برطانیہ اور یورپ کے کئی ممالک پہلے ہی ایج ویریفکیشن قوانین پر عملدرآمد شروع کر چکے ہیں۔

 

مقبول خبریں