پاکستانی فورسز کے بہتررویئے پر ان کا شکرگزار ہوں، رہائی پانے والا بھارتی فوجی

ویب ڈیسک  جمعـء 8 اگست 2014
تعارف کے بعد پاکستان رینجرز کے اہلکاروں کی جانب سے میری بہت مدد کی گئی، بھارتی اہلکار فوٹو:این ڈی ٹی وی

تعارف کے بعد پاکستان رینجرز کے اہلکاروں کی جانب سے میری بہت مدد کی گئی، بھارتی اہلکار فوٹو:این ڈی ٹی وی

لاہور: دریا میں بہہ کر 2 روز قبل پاکستان آنے والے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکار کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس کے ساتھ توقع سے زیادہ اچھا سلوک کیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے رہا کرنے کے بعد بھارت روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی ایس ایف کے اہلکار ستیشیل یادو کا کہنا تھا کہ دریائے چناب میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے اس کی کشتی بے قابو ہو کر الٹ گئی تھی تاہم اس کے ساتھی تیراکی میں ماہر ہونے کی وجہ سے بھارتی حدود میں ہی دریا سے نکل گئے لیکن وہ دریا میں بہتا ہوا پاکستان رینجرز کی چوکی کے قریب پہنچ گیا جہاں رینجرز کے جوانوں نے اسے بچایا۔

بھارتی اہلکار کا کہنا تھا کہ حراست کے دوران پاکستانی اہلکار اس کے ساتھ توقع سے زیادہ اچھے طریقے سے پیش آئے اور تعارف کے بعد وہ جتنی مدد کرسکتے تھے انہوں نے اتنی کی۔ اہلکار کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کا شکرگزار ہے کہ بھارتی فوجی ہونے کے باوجود وہاں میرے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔