سیاسی انتشار معیشت کے لیے تباہ کن ہے، وفاقی وزیر تجارت

خصوصی رپورٹر  ہفتہ 9 اگست 2014
قوم کو بے یقینی کی کیفیت میں رکھنے والے ملک وقوم سے ناانصافی کر رہے ہیں، خرم دستگیر   فوٹو : این این آئی/فائل

قوم کو بے یقینی کی کیفیت میں رکھنے والے ملک وقوم سے ناانصافی کر رہے ہیں، خرم دستگیر فوٹو : این این آئی/فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ اقتدار کے حصول کے لیے پاکستان کی سڑکوں پر فساد معیشت کے لیے تباہ کن ہے، قوم کو بے یقینی کی کیفیت میں رکھنے والے ملک وقوم سے ناانصافی کر رہے ہیں۔

تجارتی نمائندے اور سرمایہ کار جنھوں نے پاکستان میں 16 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے لیے سرمایہ کاری کا آغاز کر دیا ہے اپنی سرمایہ کاری ملک سے واپس لے گئے تو ملک مزید عشرے اندھیروں میں ڈوبا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے کہ ایک مدت بعد پاکستان میں ایک سنجیدہ حکومت برسر اقتدار آئی ہے جو ملک کے مسائل حل کرنے کا شعور اور قابلیت رکھتی ہے، حکومت کے اقدامات سے ملک میں معاشی استحکام آیا ہے اور سرمایہ کار پاکستان میں اپنا سرمایہ لگانے میں ایک دوسرے سے پہل کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی قوم، منتخب حکومت اور افواج پاکستان آپریشن ضرب عضب کے ذریعے انتہا پسندی کے خلاف اور ملک میں امن کی خاطر اہم جنگ میں مصروف ہیںجبکہ سیاسی طالع آزما آپریشن ہوس اقتدار میں مصروف ہیں، قوم موقع پرستوں کی سیاست کو سمجھے اور ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو حصول اقتدار کی اندھی خواہش نے یرغمال بنا لیا ہے، وزیراعظم کے ویژن کے تحت سخت کاوشوں کے بعد پاکستان میں معاشی استحکام آنا شروع ہوا ہے لیکن اقتدار کی یہ غیر جمہوری کشمکش اسے غیر مستحکم کر دے گی۔ انھوں نے کہا کہ تمام تر سازشوں اور ہوس اقتدار کے باوجود عوام کی منتخب حکومت ملک میں خوشحالی لائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔