رحیم یار خان، انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کی بدولت انڈھڑ گینگ کی قید سے 9 مغوی بازیاب

گینگ کے سربراہ نے مغویوں کے بدلے اپنے بھائی کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا


ویب ڈیسک September 19, 2025

رحیم یار خان:

رحیم یار خان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران انڈھڑ گینگ کی قید سے 9 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔

یہ کارروائی چند روز قبل سی پیک روٹ پر پیش آنے والے سنگین واقعے کے بعد عمل میں لائی گئی۔

ذرائع کے مطابق انڈھڑ گینگ کے مسلح افراد نے سی پیک پر سفر کرنے والی ایک مسافر گاڑی پر حملہ کیا تھا، جس میں 11 افراد کو اغوا جبکہ 6 افراد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا تھا۔

بعد ازاں تین روز قبل 2 مغویوں کو رہا کر دیا گیا تھا جس کے بعد باقی مغویوں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن جاری تھا۔

ذرائع کے مطابق گینگ کے سرغنہ تنویر انڈھڑ نے مغویوں کی رہائی کے بدلے اپنے بھائی منیرا انڈھڑ کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

تاہم سیکیورٹی اداروں نے کسی قسم کے دباؤ میں آئے بغیر مربوط حکمت عملی اور مسلسل نگرانی کے بعد آج کامیاب کارروائی کی جس کے نتیجے میں باقی 9 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

 

ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں نے کامیاب آپریشن پر پولیس ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

مقبول خبریں