راولپنڈی؛ بھتیجے کے قاتلوں کی پولیس پارٹی پر فائرنگ، دو افراد جاں بحق، انسپکٹر اور اہلکار زخمی

چھت پر چھپے ملزمان کی پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ، قاتلوں کی نشاندہی کیلئے پولیس کو لائے دونوں افراد جاں بحق ہوگئے


اسٹاف رپورٹر October 02, 2025

راولپنڈی:

پیرودہائی میں بھائی کی نشاندہی پر پولیس نے بھتیجے کے قاتل بھائی کو پکڑنے کے لیے چھاپہ مارا تو اس نے فائرنگ کردی، نتیجے میں پولیس پارٹی لانے والا قاتل کا بھائی بیٹے سمیت جاں بحق ہوگیا، فائرنگ سے انسپکٹر اور اہلکار زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ تھانہ پیرودہائی کے علاقے صفدر آباد میں معمولی تلخ کلامی پر ملزم شیر افضل نے اپنے حقیقی بھتیجے علی احتشام کو بےدردی سے قتل کرکے فرار ہوا تھا، پولیس نے قتل کا مقدمہ مقتول کے بھائی علی واحد کی درخواست پر درج کیا تھا، آج مقتول کے والد محمد سرور اور بھائی علی واحد نے پولیس کو اطلاع دی کہ قتل کا ملزم شیر افضل ایک کثیر منزلہ عمارت میں موجود ہے اگر بروقت ریڈ کیا جائے تو ملزم کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

پولیس نے متاثرین کی نشاندہی پر ریڈ کیا تو بلند عمارت پر موجود ملزم نے فائرنگ کردی جس سے باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے، جبکہ فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں کو گولیاں لگی جس سے دونوں زخمی ہوئے، زخمی اہلکاروں میں انسپکٹر مرزا عارف اور کانسٹیبل نعمت اللہ کو ہولی فیملی ہسپتال منتقل کردیا، ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا۔

تھانہ پیرودہائی پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم شیر افضل چار روز میں اپنے سگے بھائی اور دو بھتیجوں کو قتل کرچکا ہے جبکہ ایک انسپکٹر اور پولیس اہلکار زخمی ہیں۔

پولیس ریڈ کے دوران باپ بیٹے کے جاں بحق ہونے اور دو پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کے سنگین معاملے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی۔

آئی جی پنجاب نے سی پی او راولپنڈی کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتار کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ آئی جی پنجاب کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا تھا کہ سینئر پولیس افسران سمیت پولیس ٹیمیں موقع  پر موجود ہیں، فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے کر جلد گرفتار کر لیں گے، مقدمہ تھانہ پیرودہائی میں درج کرلیا گیا ہے۔

مقبول خبریں