پرویز مشرف کی رہائی کے لئے نواز شریف پر شدید دباؤ ہے، راجا ظفرالحق

ویب ڈیسک  اتوار 10 اگست 2014
ہماری تحریک کا تعلق پرویز مشرف سے بالکل نہیں ہے۔ پاکستان کی عدالتیں جو فیصلہ کریں گی وہ ہمیں قبول ہوگا، صدر تحریک انصاف پنجاب    فوٹو؛فائل

ہماری تحریک کا تعلق پرویز مشرف سے بالکل نہیں ہے۔ پاکستان کی عدالتیں جو فیصلہ کریں گی وہ ہمیں قبول ہوگا، صدر تحریک انصاف پنجاب فوٹو؛فائل

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجا ظفرالحق نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی رہائی کے لئے نواز شریف پر شدید دباؤ ہے اور یہ سارا ڈرامہ سابق صدر کو چھڑوانے کے لئے ہی رچایا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجا ظفرالحق کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت 5 سال مکمل اور آئندہ ہونے والے الیکشن میں کامیابی بھی حاصل کرے گے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پرویز مشرف کی رہائی کے لئے نواز شریف پر شدید دباؤ ہے اور تحریک انصاف کی جانب سے یہ سارا ڈرامہ سابق صدر کو چھڑوانے کے لئے رچایا جارہا ہے۔ پرویز مشرف کی رہائی کے لئے دباؤ ڈالنے والوں سے متعلق سوال پر راجا ظفرالحق کا کہنا تھا یہ وہی طاقتیں ہیں جو پہلے سابق صدر کے خلاف کارروائی سے روکتیں تھیں اور اب بھی ان طاقتوں کی طرف سے پرویز مشرف کو چھڑاوانے کے لئے یہ سب کیا جارہا ہے، عمران خان اور طاہر القادری بیرونی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔

راجا ظفرالحق کے بیان پر تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ظفر الحق ایک بزرگ سیاست دان ہیں لیکن یہ توقع نہیں تھی کہ وہ اس نازک موقع پر قوم سے اس طرح کا سنگین مذاق کریں گے۔ ہماری تحریک کا تعلق پرویز مشرف سے بالکل نہیں ہے۔ پاکستان کی عدالتیں جو فیصلہ کریں گی وہ ہمیں قبول ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔