کوئٹہ:
اسسٹنٹ کمشنر زیارت کا بیٹا دو ماہ بعد اغوا کاروں کی قید سے بازیاب ہوگیا جب کہ اس کے والد تاحال لاپتا ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر زیارت محمد افضل کے بیٹے مستنصر کو اغوا کے دو ماہ بعد بازیاب کرا لیا گیا جبکہ اے سی زیارت تاحال اغوا کاروں کی قید میں ہیں۔
بلوچستان لیویز ذرائع کے مطابق مستنصر کو ضلع ہرنائی کے علاقے سے بازیاب کرایا گیا ہے، تاہم ان کے والد اسسٹنٹ کمشنر زیارت محمد افضل کی رہائی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ دو ماہ قبل زیارت کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل اور ان کے بیٹے مستنصر کو اغوا کر لیا تھا۔ واقعے کے بعد لیویز فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشن شروع کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مستنصر کی بازیابی کے بعد حکام نے محمد افضل کی رہائی کے لیے کوششیں مزید تیز کردی ہیں۔