بجلی 7 روپے یونٹ تک مہنگی کرنے کی درخواستیں

ارشاد انصاری  پير 11 اگست 2014
فیسکونے50 یونٹ تک کے گھریلوصارفین کے لیے بھی بجلی کی قیمت 2روپے سے بڑھاکر 4روپے فی یونٹ کرنے کی درخواست کی، نیپرا فوٹو: فائل

فیسکونے50 یونٹ تک کے گھریلوصارفین کے لیے بھی بجلی کی قیمت 2روپے سے بڑھاکر 4روپے فی یونٹ کرنے کی درخواست کی، نیپرا فوٹو: فائل

اسلام آباد: بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپراسے گھریلو، کمرشل وصنعتی سمیت تمام صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 2روپے سے 7روپے فی یونٹ تک اضافے کی اجازت مانگ لی ہے جن میں سے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) اور پشاور الیکٹرک کمپنی (پیسکو) کی طرف سے دی جانے والی درخواستیں سماعت کیلیے منظور کرلی گئی ہیں جبکہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی درخواست کاجائزہ لیاجا رہا ہے۔

اس ضمن میں نیپراحکام نے بتایاکہ ابھی تک جن کمپنیوںکی طرف سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں ان کمپنیوں نے 2روپے سے 7روپے فی یونٹ تک اضافے کی اجازت مانگی ہے تاہم نیپراسماعت میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا موقف سننے کے بعدفیصلہ دے گا۔ نیپراحکام کاکہنا ہے کہ فیسکونے50 یونٹ تک کے گھریلوصارفین کے لیے بھی بجلی کی قیمت 2روپے سے بڑھاکر 4روپے فی یونٹ، ایک یونٹ سے 100یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت بڑھاکر 13.56روپے فی یونٹ،101سے 300یونٹ ماہانہ استعمال کرنیوالوں کے لیے قیمت بڑھاکر 16.72روپے فی یونٹ، 301 سے 700یونٹ کے لیے 18.88روپے فی یونٹ جبکہ 700یونٹ ماہانہ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت بڑھاکر 21.04روپے فی یونٹ کرنے کی اجازت مانگی ہے۔

فیسکو کی طرف سے دی جانے والی درخواست میں اے ٹوکیٹیگری کے کمرشل صارفین کے لیے پیک آورزمیں استعمال ہونے والی بجلی کی قیمت 21.04روپے فی یونٹ، آف پیک آورزمیں استعمال ہونے والی بجلی کی قیمت 13.92روپے فی یونٹ کرنے کی اجازت مانگی ہے جبکہ پیسکوکی درخواست میں 50یونٹ ماہانہ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت 6روپے فی یونٹ، ایک سے 101یونٹ تک کے لیے 18روپے فی یونٹ،101سے 300 یونٹ تک 19روپے، 301سے 700یونٹ تک 20روپے جبکہ 700یونٹ ماہانہ سے زائدبجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت بڑھاکر 23روپے فی یونٹ کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔