لاہور کے علاقے غالب مارکیٹ میں خاتون کو نشہ آور چیز کھلا کر تین افراد نے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں واقع غالب مارکیٹ کے نجی ہوٹل میں گینگ ریپ کا واقعہ پیش آیا، جہاں تین ملزمان نے خاتون کو نشہ آور چیز کھلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا تعلق پنجاب کے ضلع قصور سے ہے جس کی مدعیت میں تھانہ غالب مارکیٹ میں ناصر، محمد خان اور زاہد شاہ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ نے بیان میں بتایا کہ اُس کا سابقہ شوہر ناصر اسی ہوٹل میں ملازم ہے، سابقہ شوہر کے کزن امتیاز نے بہانے سے ہوٹل بلایا اور منگل کی صبح نشہ آور لسی پلا کر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
پولیس نے واقعے کے بعد تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے خاتون کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا، جس کی رپورٹس آنے کے بعد ملزمان کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔