ٹینس رینکنگ؛ سیمونا نے لینا سے دوسری پوزیشن چھین لی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 12 اگست 2014

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

پیرس: سیمونا ہالیپ نے ٹینس کی نئی عالمی رینکنگ میں چینی اسٹار لینا سے دوسری پوزیشن چھین لی، ایشین اسٹار ایک درجے تنزلی سے تیسرے نمبر پر چلی گئیں۔

سرینا ولیمز کی ٹاپ پوزیشن کو فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے، مونٹریال ایونٹ کے فائنل میں رسائی کی بدولت وینس ولیمز کو ملنے والی6 درجے ترقی نے انھیں ٹاپ 20 کا آخری شریک بنا دیا، مینز سنگلز میں ٹورنٹو ماسٹرز کپ کے فاتح جوئے ولفریڈ سونگا نے 5 درجے بہتری سے10ویں پوزیشن حاصل کرلی، ڈیوڈ فیرر نے میلوس راؤنک کو پیچھے دھکیل کر چھٹی پوزیشن ہتھیا لی۔ تفصیلات کے مطابق ٹینس کی نئی عالمی درجہ بندی میں کئی پلیئرز کی پوزیشنز میں تبدیلیاں رونما ہوئیں البتہ مینز میں نووک جوکووک اور ویمنز میں سرینا ولیمز کی بادشاہت برقرار رہی۔

رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے چینی اسٹار لینا سے دوسری پوزیشن چھین لی، ایشین پلیئر ایک قدم پیچھے ہٹنے کے بعد تیسرے نمبر پر چلی گئیں، پیٹرا کیوٹوا چوتھے، اگنیسکا ریڈوانسکا پانچویں اور ماریا شراپووا حسب سابق چھٹے درجے پر ہیں، اینجلیک کیربر ساتویں، ایوگینی بوچارڈ آٹھویں اور جیلینا جینکووچ نویں نمبر پر براجمان ہیں، وکٹوریا آذرنیکا ایک درجے ترقی ملنے پر ٹاپ ٹین کی آخری شریک بن گئیں، اینا ایوانووک کو تنزلی نے 11ویں نمبر پر دھکیل دیا۔

کیرولین ووزینسکی نے بھی ڈومنیکا سبولکوا سے پوزیشنز کا تبادلہ کرتے ہوئے 12واں درجہ پالیا، فلاویا پنیٹا بدستور 14، سارا ایرانی 15، کارلا سواریز نیوارو16 اور لوسیا سفارووا 17ویں پوزیشنز پر ہیں، ایکٹرینا ماکارووا ایک درجے ترقی ملنے پر 18ویں نمبر پر آگئیں لیکن اس کیلیے آندریا پیٹکووک کو تنزلی کا دکھ سہنا پڑگیا، مونٹریال ایونٹ کے سیمی فائنل میں چھوٹی بہن سرینا کو شکست دینے والی وینس ولیمز 6 درجے ترقی ملنے پر 20ویں پوزیشن پر پہنچ گئیں، ہموطن سلونی اسٹیفنز ایک قدم پیچھے ہٹنے کے بعد 21ویں نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب مینز ٹینس رینکنگ میں ٹاپ پوزیشنز پر اس مرتبہ بھی نووک جوکووک، رافیل نڈال، راجرفیڈرر، اسٹینسلس واورنیکا اور ٹوماس بریڈیچ موجود ہیں، ڈیوڈ فیرر نے میلوس راؤنک سے چھٹی پوزیشن واپس لے لی، کینیڈین اسٹار اب ساتویں نمبر پر چلے گئے، گریگور دیمیتروف پہلے کی طرح اس بار بھی آٹھویں نمبر پر رہے، اینڈی مرے کی نویں پوزیشن میں بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی، جوئے ولفریڈ سونگا ترقی کے 5 زینے طے کرتے ہوئے 10ویں نمبر پر فائز ہوگئے، ان کی ترقی کا براہ راست اثر جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو اور کائی نیشکوری کی ایک ایک درجے تنزلی کی صورت میں سامنے آیا۔

پوٹرو 11 اور نیشکوری12 ویں پوزیشن پر چلے گئے، جون اسنر 14ویں درجے پرجمے ہوئے ہیں، رچرڈ گیسکوئٹ 2 درجے تنزلی سے15ویں نمبر پر آگئے، فلکیانو لوپز 9 درجے کی چھلانگ لگاکر16ویں نمبر پر پہنچے، کیون اینڈرسن کو بھی چار درجے ترقی نے 17ویں نمبر پر پہنچا دیا، اسپینش پلیئر روبرٹو بوٹسٹا2 قدم پیچھے ہونے کے بعد 18ویں نمبر پر چلے گئے، مارن کلک 19 ویںپوزیشن پر ہیں، انھیں ایک درجے تنزلی کا سامنا رہا، ٹامی روبریڈو نے 20واں درجہ سنبھالے رکھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔