سعد رفیق کا عمران خان کو لاہور میں اپنے حلقے سے انتخاب لڑنے کا چیلنج

ویب ڈیسک  منگل 12 اگست 2014
طاہرالقادری  تو پولیس کو مطلوب ہیں انھیں تو باہر نکلنے کی بھی اجازت نہیں ملے گی، سعد رفیق ۔ فوٹو: فائل

طاہرالقادری تو پولیس کو مطلوب ہیں انھیں تو باہر نکلنے کی بھی اجازت نہیں ملے گی، سعد رفیق ۔ فوٹو: فائل

لاہور: وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وہ اور عمران خان قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوتے ہیں اور لاہور میں ان کی جیتی ہوئی نشست پر ایک دوسرے کا مقابلہ کرتے ہیں جس کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔  

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عوام نے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کو کام کرنے کے لئے ووٹ دیا ہے اس لئے نہیں دونوں ایک  دوسرے کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالیں۔ عمران خان موقف اور اہداف بدلنے کے ماہر ہیں، وہ عدالت میں تو گئے لیکن عدالتوں پر اعتماد نہیں کرتےعمران خان ہٹ دھرمی کی سیاست چھوڑیں اور بڑی باتیں کرنے کے بجائے دل بڑا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور عمران خان قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوتے ہیں اور لاہور میں ان کی جیتی ہوئی نشست پر ایک دوسرے کا مقابلہ کرتے ہیں جس کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

خواجہ سعد رفیق  کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک کو جنونیوں کے جنون سے بچانا ہے جن کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ کریش ہورہی جب کہ ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہےاور اس نقصان کے ذمے دار طاہر القادری اور عمران خان ہیں، انہوں نے آزادی مارچ کے لئے اپنے لئے تو ایئر کنڈیشنڈ ٹرک تیار کرایا ہے اورعوام  کے لئے کچھ نہیں۔ انہوں نے کہ  لانگ مارچ اور انقلاب مارچ سے حکومت نہیں گرے گی اورنہ ہی طاہر القادری کچھ نہیں ملنے والاہے، طاہرالقادری  تو پولیس کو مطلوب ہیں انہیں تو باہر نکلنے کی بھی اجازت نہیں ملے گی،  یہ کون سا اسلام ہے جس میں عورتیں اور بچے آگے اور مرد پیچھے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔